کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما وسابق صوبائی وزیر مولانا عبد الصمد اخوندزادہ نے کہا ہے کہ زیارت میں گیس پریشر میں اضافہ کیا جائے ۔پریشر میں کمی کی وجہ سے صنوبر کے جنگلات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ زیارت میں شدید سردی اور برف باری ہوتی ہے تو دوسری جانب گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے جس کی وجہ سے عوام کوکافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ کاروبار ٹھپ ہوکر رہ جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف گیس پریشر میں کمی اور دوسری طرف بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔زیارت میں گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے اور عوام کو ریلیف دیا جائے تاکہ عوام کی مشکلات کم ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ زیارت میں صنوبر کے قیمتی جنگلات ہیں گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے لوگ جنگلات کاٹنے پر مجبور ہیں جس سے قیمتی جنگلات کو کافی نقصان پہنچ رہا ہے لہٰذا حکومت سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر زیارت میں گیس پریشر کا مسئلہ فوری طور پر حل کرے۔