• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز: یوم یکجہتی کشمیر، شمعیں روشن کرکے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا

بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے کل شام 4 بجے شمعیں روشن کرکے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار ہمدردی اور یکجہتی کیا جائے گا۔

یہ پروگرام کشمیر کونسل یورپی یونین کے زیر اہتمام برسلز کے سینٹرل اسٹیشن کے سامنے یورپی اسکوائر پر کیا جائے گا۔

اس دوران بھارت میں مسلمانوں پر تشدد اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے بارے میں بی بی سی کی دستاویزی فلم بھی دکھائی جائے گی۔

اس فلم میں 2019 کے دوران متنازع قانون شہریت کے نفاذ کے دوران پولیس تشدد کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے۔

یہ دستاویزی فلم نریندر مودی کی حکومت میں بھارت کے جمہوری نظام اور مذہب کی بنیاد پر ہندوستان میں تقسیم پر سوالیہ نشان ہے۔

اس دستاویزی فلم میں کشمیریوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔

سینٹرل اسٹیشن برسلز پر یوم یکجہتی کشمیر کے پروگرام کے دوران کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے بارے میں کچھ دیگر ویڈیوز بھی بڑی اسکرین پر دکھائی جائیں گی۔

پروگرام کے منتظم اور کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے بتایا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے منطقی اور منصفانہ حل تک کشمیر کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے رہیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کے ذریعے رائے شماری کرائی جائے جس میں حصہ لے کر کشمیری عوام اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کیلئے پُرامن جدوجہد کر رہے ہیں اور بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر اپنی فوج کے ذریعے تشدد اور مظالم ڈھا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 8 لاکھ فوج کی موجودگی اور کالے قوانین اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کو سنگین دباؤ میں رکھا ہوا ہے لیکن بھارت کی طرف سے مظالم اور تشدد جیسے حربوں اور کالے قوانین سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو روکا نہیں جاسکتا، یہ جدوجہد اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید