• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری سکولوں میں پی ٹی سی فعال کرنے کیلئے تربیتی پروگرام کا آغاز

پشاور (خصوصی نامہ نگار ) خیبر پختو نخوا کے تین اضلاع میں سرکاری سکولوں کی سطح پر پیرنٹ ٹیچرز کونسل (پی ٹی سی) کو فعال کرنے اورہنگامی صورتحال سے نمٹنے سے متعلق تربیتی پروگرام کاآغاز کردیا گیا جسکے تحت مرد وخواتین اساتذہ کو تربیت دی جارہی ہے۔ اس ضمن میں پارٹیسیپیٹری رورل ڈویلپمنٹ سوسائٹی، عالمی رضاکار تنظیم والنٹئیر سروسز اوورسیز نے ای سی ڈبلیو کے تعاون سے پشاور یونیورسٹی ٹاؤن میں 66 اساتذہ و مقامی رضاکاروں کو قدرتی آفات کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی صورتحال میں بچوں کے بچاؤاورانہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے سے متعلق 5 روزہ خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا تاکہ ہنگامی صورتحال میں نقصانات کو کم سے کم کیاجاسکے۔ ورکشاپ کے اختتامی روز ڈپٹی ڈی ای او پشاور ڈاکٹر رعنا گل، ٹرینرز خالدہ زیب، عامرایوب، آ فتاب احمد، حاجرہ مسعود،مریم شاہ ،شکیل احمد، کشور علی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آر ڈی ایس سید علی شاہ نے شرکت کی۔ ڈی ڈی ای اواور دیگر مقررین نے کہا کہ پی ٹی سی کے منتظمین مقامی سطح پر سکولوں کے اساتذہ و والدین کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر بچوں کی بہتر تعلیم، پرورش اور مستقبل سے متعلق موثر منصوبہ بندی کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ورکشاپ میں پشاور، نوشہرہ اور چارسدہ کے 66کمیونٹی رضاکارو اساتذہ کو تربیت دی گئی تاکہ وہ متعلقہ سکولوں، علاقوں اور کمیونٹیزمیں معیاری تعلیم کے فروغ کے علاوہ کمیوں و خامیوں کی نشاندہی کرے اور سکولوں میں بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کرسکیں۔ تربیت حاصل کرنے والی اساتذہ سلمیٰ نور، ثمرین عجب خان، عباداللہ اور عطاء الرحمان نے بتایا کہ ورکشاپ میں انہیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے علاوہ بچوں کیساتھ شفقت سے پیش آنے اورانکے ساتھ مثبت رویہ رکھنے سے متعلق تربیت دی گئی ۔ بچوں کی تعمیر وترقی اور ذہنی نشوونما کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا یہ پروگرام اس حوالے سے ان سکولوں و متعلقہ کمیونٹیز میں مثبت تبدیلی کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔ پروگرام کے ذریعہ سکولوں سے باہربچوں خصوصا لڑکیوں کو بھی سکولز واپس لایا جاسکے گا تاکہ انہیں بھی زیورتعلیم سے آراستہ کیا جاسکے اور وہ بھی معاشرہ کا کارآمد شہری بن سکیں۔ ورکشاپ کے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔
پشاور سے مزید