• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں، تاج محمد خان ترند

پشاور (این این آئی)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان، تاج محمد خان ترند نے کہا ہے کہ ضلع ایبٹ آباد کے علاقے دوتار میں محکمہ کھیل کی زمین پر بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید کھیلوں کے میدان تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ایبٹ آباد کے علاقے دوتار میں نو تعمیر شدہ 85 کنال پر مشتمل ہزارہ کے سب سے بڑے اسپورٹس گراونڈ میں ضلعی انتظامیہ اور ریجنل سپورٹس آفس ایبٹ آباد کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے جشنِ نیزہ بازی کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا صوبے بھر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور ہر ضلع میں جدید اور معیاری کھیلوں کا انفراسٹرکچر فراہم کیا جا رہا ہے۔ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ انہیں منشیات، انتہاپسندی اور دیگر منفی رجحانات سے محفوظ رکھا جا سکے۔مشیرِ کھیل نے کہا کہ روایتی کھیل جیسے نیزہ بازی ہماری ثقافت اور تاریخ کا اہم حصہ ہیں اور حکومت ان کھیلوں کو فروغ دیکر نہ صرف ثقافتی ورثے کو زندہ رکھنا چاہتی ہے بلکہ نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع بھی فراہم کرنا چاہتی ہے۔ تقریب میں ملک بھر سے گھڑ سواروں نے شرکت کی اور اعلیٰ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
پشاور سے مزید