• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، موسم سرما کی تعطیلات کے دوران امتحانات پر پابندی عائد

پشاور(این این آئی) خیبرپختونخوا میں پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے نجی سکولوں کو موسم سرما کی تعطیلات کے دوران امتحانات کے انعقاد سے منع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جاری باضابطہ نوٹیفکیشن میں اتھارٹی نے کہا ہے کہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ کچھ نجی سکولوں نے موسم سرما کی تعطیلات کے دوران امتحانات کے شیڈول کا اعلان کیا تھا، جو دی گئی ہدایات کی خلاف ورزی ہے۔ پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے تمام نجی اسکولوں کو ہدایت کی کہ وہ اس مدت کے دوران طے شدہ امتحانات کو فوری طور پر منسوخ کردیں۔ نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2017کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ اتھارٹی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کسی بھی نجی سکول یا انسٹیٹیوٹ کو موسم سرما کی تعطیلات کے دوران امتحانات منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہے اور اس بات پر زور دیا کہ پہلے جاری کردہ تمام رہنما خطوط پر بغیر کسی استثنیٰ کے عمل کیا جانا چاہیے۔دریں اثنا، خیبرپختونخوا حکومت نے پہلے ہی سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کیلئے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔
پشاور سے مزید