پشاور (این این آئی)جامعہ پشاور کی104ویں اکیڈمک کونسل کا اہم اجلاس سر صاحبزادہ عبدالقیوام ہال میں منعقد ہوا، جس میں تعلیمی پروگرامز کی توسیع، جدید کورسز کے اجرا اور آن لائن تعلیم سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی نے کی، جبکہ رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر یورید احسن ضیا، ڈپٹی رجسٹرار اکیڈمکس عبداللہ، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، جن میں پروفیسر ڈاکٹر روبینہ شاہین، پروفیسر ڈاکٹر انور عالم، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال، پروفیسر ڈاکٹر سلمان بنگش اور پروفیسر ڈاکٹر شمائلہ رؤف شامل تھے، کے علاوہ تمام شعبہ جات کے چیئرپرسنز اور چیئرمینز نے شرکت کی۔اجلاس میں بورڈ آف فیکلٹی کے منتخب اراکین کی موجودگی میں مختلف شعبہ جات میں نئے تعلیمی پروگرامز کے آغاز، ڈیپارٹمنٹ آف الیکٹرانکس میں ڈپلومہ کورسز متعارف کرانے اور آن لائن ڈسٹنس لرننگ پروگرام کے اجرا سے متعلق تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر کو مختلف امور پر جامع پریزنٹیشن بھی دی گئی، جبکہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعدد اہم نکات زیرِ بحث آئے۔