• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز کیلئے قومی کھلاریوں کی بھرپور تیاری

پاکستان کے اسپیشل کھلاڑی رواں سال جون میں جرمنی میں ہونے والے اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں حصہ لیں گے، مقابلے17سے 25 جون تک برلن میں کھیلے جائیں گے، پاکستان11کھیلوں میں ایکشن میں ہوگا، اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں پاکستان کا 121 رکنی دستہ شرکت کرے گا جس میں 51 مرد، 36 خواتین، 30 کوچز، 3 آفیشلز اور ایک ڈاکٹر شامل ہے پاکستانی ٹیم ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال،بوشی، سائیکلنگ، پاورلفٹنگ، سوئمنگ، ٹیبل تینس، ٹینس، فٹسال اور ہاکی دیگر کھیلوں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرے گی۔ 

ان مقابلوں کی تیاری کے لئے اسپیشل اولمپک پاکستان کے تحت کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ کراچی پورٹ ٹرسٹ اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری ہے کیمپ میں کوالیفائڈ کوچز کھلاڑیوں کوفٹسال، ٹینس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس اور بوشی کے کھیل کی ٹریننگ دے رہے ہیں اس کے علاوہ عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں ہاکی جبکہ سی ویو خیابان ساحل پر سائیکلنگ کی ٹریننگ جاری ہے اسپیشل اولمپک پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی کاکہنا ہے کہ پاور لفٹنگ، ایتھلیٹکس اور سوئمنگ کے ٹریننگ کیمپس اگلے ماہ لاہورمیں لگائے جائیں گے ہم چیئرمین کے پی ٹی محمدطارق ہدا کے شکر گذار ہیں جنہوں نے ورلڈگیمز ایونٹ کی تیاریوں کیلئے اپنا بھرپورتعاون فراہم کرتے ہوئے نہ صرف ٹریننگ سیشنز کیلئے کے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس میں موجود تمام سہولیات فراہم کیں بلکہ اسپیشل کھلاڑیوں کے مختلف ایونٹس کابھی انعقاد کیا ، مینیجر اسپورٹس کے پی ٹی میجر (ر) محمودریاض کاکہنا تھا کہ ہمارا ادارہ اسپیشل اولمپک پاکستان کے ساتھ عرصہ دراز سے منسلک ہے ہم خدمت کے اس سفر کو مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔

اسپیشل اولمپک پاکستان کی چیئرپرسن نےگیمز میں شرکت کرنے والے خصوصی کھلاڑیوں کے اعزاز میں عشائیہ دیاتقریب میں شریک کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ وہ برلن میں ہونے والے میگا ایونٹ کے لیے بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں اور پاکستان کے لیے اعزازات جیتنے کے لیے پر امید ہیں تقریب میں شریک امریکا کی کراچی قونصلیٹ میں متعین قونصل جنرل نیکول تھیریوٹ نے کہا ہے کہ اسپیشل کھلاڑی معاشرے کے لیے ایک تحریک اور مثال کی حیثیت رکھتے ہیں اور مجھے ان نوجوان کھلاڑیوں پر فخر ہے جو برلن اسپیشل اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے سخت محنت کر رہے ہیں ایسے باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ وقت گذارنا بہت اچھا تجربہ ہے امریکی قونصل جنرل نیکول تھیریوٹ کا مزیدکہنا تھا کہ اسپیشل اولمپک گیمز کا افتتاح امریکا سے ہوا تھا اور آج یہاں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے والے ایونٹ میں شرکت میرے لئے باعث افتخار ہے، امریکا کھیلوں سمیت ہر شعبے میں معذور افراد کے حقوق اور برابری کی پرزور حمایت کرتا ہے۔ 

اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں پاکستانی دستے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے جرمن قونصل جنرل روڈیگر لوٹز نے کہا کہ میں ان تمام کھلاڑیوں کے لیے برلن میں بہترین وقت گزارنے کی خواہش کرتا ہوں اور پوری امید کرتا ہوں کہ وہ نہ صرف اولمپک میں پرفارم کریں گے بلکہ اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ کھیل سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دنیا بھر سے آئے خصوصی کھلاڑیوں کے خلاف کھیل کر سیکھتے اور تجربہ حاصل کرتے ہوئے وکٹری اسٹینڈ تک رسائی حاصل کریں گے اسپیشل اولمپک پاکستان کی چیئرپرسن نے کہا کہ ملک کیلئے اعزازات جیتنے والے اسپیشل کھلاڑی سب کیلئے رول ماڈل ہیں ان میں صلاحیتیں کسی طور پر بھی دوسروں سے کم نہیں مجھے امید ہے کہ ماضی کی طرح اس بار بھی ہمارے ایتھلیٹس ا سپیشل اولمپکس میں میڈلز جیت کر دنیا بھر میں پاکستان کا وقار اور فخر بڑھائیں گے، تقریب میں شریک مہمان اسپیشل کھلاڑیوں کو ایوارڈ بھی دئیے گئے۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید