• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری اپنی بے حسی ختم کر کے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے، خالد محمود

لندن (جنگ نیوز) جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری اپنی بے حسی ختم کر کے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے عالمی برادری کی خاموشی سے بھارت نے کشمیریوں پر مظالم مزید تیز کر دیئے، مسئلہ کے حل کیلئے عملی اقدامات کی فوری ضرورت ہے، تارکین وطن صبح آزادی تک اپنے مظلوم بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں، اوورسیز کشمیری بے چین ہیں کہ وہ عملی طور پر سرینگر جموں، پونچھ اور لداخ میں جاکر اپنے بھائیوں کی مددکریں،وحدت کشمیر اور حق خود ارادیت پر پوری قوم متحد اور متفق ہے،بھارت طاقت کی بنیاد پر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام یو م یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دریں اثناء انہوں نے وفد کے ہمراہ برطانوی پرائم منسٹر ہاؤس ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ میں کشمیر کے حوالے سے یاداشت پیش کی۔ تقاریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عالمی برادری بے حسی اور خاموشی کی وجہ سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ بھی مسئلہ کشمیر کا عینی شاہد ہے وہ بھی کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے، کشمیری جدوجہد جاری رکھیں گے،انسانی آزادیوں اور جمہوریت پر یقین رکھنے والی اقوام کشمیریوں کا ساتھ دیں تا کہ کشمیری آزادی کی منزل سے ہمکنار ہوسکیں۔

یورپ سے سے مزید