• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلانی ٹرسٹ کا ڈالر پروگرام، حکومت کا زبردست خیر مقدم

کراچی ( سہیل افضل ) سیلانی کےڈالر پر وگرام کا حکومت نے زبردست خیر مقدم کیا ہے ،ملک کو معاشی دلدل سے نکالنے اور ڈالر بحران پر قابو پانے کے لئے 2 ارب ڈالر ملک میں لانے کے جامع پروگرام کا اعلان آئندہ 2 ہفتوں میں کر دیا جائے گا، وفاقی حکومت اور اسٹیٹ بینک سے معاملات طے کرنے کے لئے بات چیت چل رہی ہے،حکومت کا گرین سگنل ملتے ہی سیلانی ٹرسٹ اپنا کام شروع کر دے گا ،یہ بات سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ بورڈ کے ممبر اور معروف کاروباری شخصیت امجد چامڈیا نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے نیشنل اسلامک اکنامکس فورم اور دار العلوم میمن کے مشترکہ تعاون سے کراچی میں سودی نظام کے خاتمہ کے لئے ایک کانفرنس منعقد کی گئی جس میں ملک کے مشہور و معروف تاجر وں صنعت کاروں اور بینکاروں نے شرکت کی اس کانفرنس میں سیلانی ٹرسٹ کے مولانا بشیر فاروقی نے اعلان کیا کہ وہ دیگر این جی اوز کے ساتھ ملکر ملک میں 2 ارب ڈالر لا سکتے ہیں ،وفاقی وزیر خزانہ نے اس تجویز کو سراہتے ہوئے اس میں تعاون کا یقین دلایا ، امجد چامڈیا نے جنگ کو بتایا کہ اس سلسلے میں ایک میٹنگ ہو چکی ہے ،کچھ قانونی مسائل ہیں جس کے لئے جلد وزارت خزانہ ،اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں سے میٹنگ ہو گی جس کے بعد اس پر وگرام کا اعلان کر دیا جائے گا،سیلانی کا دنیا بھر میں نیٹ ورک موجود ہے ہماری اپیل پر دنیا کے 100 سے زیادہ ممالک میں موجود محب وطن لبیک کہنے کو تیار ہیں ،انھوں نے کہا کہ ہم امداد نہیں بلکہ بغیر سود کے قرض کی بات کر رہے ہیں ،یہ قرض ڈالر کی شکل میں ہو گا اور ڈالر کی شکل میں واپس کیا جائے گا ،گارنٹی سیلانی ٹرسٹ کی ہو گی ، اس لئےاس پرو گرام کے کامیاب ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہیں، ڈالر دینے والوں کا کوئی نقصان نہیں ہو گا ،اگر روپے کے مقابلے پر ڈالر کی قیمت بڑھتی ہے تو انھیں فائدہ ہو گا،امجد چامڈیا نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ملک کی مدد کرنے کو ہمارے لوگ بڑے پر جوش ہیں ۔
اہم خبریں سے مزید