• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکیہ کے زلزلے نے مسکراتے شیف کو بھی رُلا دیا

ترکیہ سمیت شام اور اس سے ملحقہ خطے میں آنے والے قیامت خیز زلزلے نے ہر آنکھ آشک بار کردی ہے، حتیٰ کہ اسمائلنگ شیف کے نام سے مشہور شیف براق اُزدیمیر بھی اپنا غم ظاہر کرنے سے خود کو نہ روک پائے۔

ترکیہ سے تعلق رکھنے والے شیف براق ازدیمیر المعروف اسمائلنگ شیف جو ہر لمحے اپنے لبوں پر مسکراہٹ سجائے رکھتے تھے، اس زلزلے کے ہولناک مناظر نے انہیں بھی رونے پر مجبور کردیا۔

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر  شیف براق ازدیمیر نے صارفین سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے پیغام جاری کیا کہ جس سے جو مدد ہوسکے وہ کریں، ابھی بھی ہزاروں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جو زندگی اور موت کے درمیان جھول رہے ہیں۔



انہوں نے مزید بتایا کہ بہت سے متاثرین ہم سے رابطہ کر رہے ہیں لیکن ہم ان کی حالت زار دنیا کو بتانے کے سوا کچھ نہیں کر سکتے، براہ کرم جس کے بس میں جو ہوسکے وہ کریں۔

براق ازدیمیر نے اپنے چاہنے والوں سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے ترکیہ کے صوبے ’ہیتے‘ (Hatay) امدادی سامان بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم ہیتے کے متاثرین کی مدد کے لئے امدادی سامان بھیج رہے ہیں، جس سے جو ہوسکے وہ مدد کرئے ہم بلاتفریق ہر ایک کی مدد کو قبول کر رہے ہیں‘۔


معروف شیف کی جانب سے امداد کا اعلان کیا گیا تو مختصر وقت میں درجنوں افراد نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے امدادی سامان فراہم کیا جس کی ویڈیو شیف نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کی اور لکھا کہ ہم ترکیہ کے صوبے ہیتے کے لئے امدادی سامان کے ٹرک روانہ کردیے ہیں، اب دیگر صوبوں میں بھی یک بعد دیگر امدادی سامان پہنچا رہے ہیں۔



واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز پر پیر کی صبح ترکیہ سمیت شام کے کئی شہروں میں 7.8 شدت کا خوفناک زلزلہ آیا جس نے ہزاروں لوگوں کی زندگیاں اجاڑ دیں۔

اب تک اس زلزلہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8000 ہو چکی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید