بیجنگ (اے ایف پی، مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے چینی صدر شی چن پنگ کیخلاف بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسےغیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے ،دونوں ممالک کے درمیان تندوتیز جملوں کا تبادلہ ایک ایسے موقع پر ہوا ہے جب ان کے درمیان چین کے مبینہ جاسوس غبارے کے مار گرائے جانے پر کشیدگی پہلے ہی عروج پر ہے، بیجنگ نے جمعرات کے روز تصدیق کی کہ انہوں نے چینی سولین طیارے کے مار گرائے جانے کے بعد دونوں ممالک کے وزراء دفاع کے درمیان ٹیلی فون کال سے انکار کردیا تھا، چینی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ اور غلط سوچ کے بعد امریکا نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان بات چیت کی گنجائش نہیں چھوڑی، قبل ازیں امریکی صدر جوبائیڈن نے مقامی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ چینی رہنما کو معیشت سے متعلق متعدد مسائل کا سامنا ہے ، انہوں نے کہا کہ کیادنیا میں ایسا کوئی رہنما ہے جو چینی صدر کی جگہ لینا چاہے گا، میرے خیال میں ایسا کوئی نہیں ہے ، بائیڈن نے کہا کہ چینی رہنما کو اپنی استعداد کا اندازہ ہے۔