اسلام آباد(پی پی آ ئی )پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے تاکہ کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت مل سکے۔قائم مقام سیکرٹری خارجہ سائرس قاضی نے اسلام آباد میں سفارتی مشنز کے نمائندوں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل سے وابستہ ہے۔انہوں نےمقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو واپس لینے کے لیے بھی بھارت پر دباؤ ڈالنے کی ضرورت پر زور دیا۔قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے سفارتکاروں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی اسکی غیر قانونی کوششوں سے آگاہ کیا۔