کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ ٹاؤن میں واٹر ٹینکرکی ٹکر سےایک بزرگ جاں بحق ہوگیا۔حادثہ کے خلاف احتجاج کرنے والے متوفی کے ورثاء کو پولیس نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا کر تھانہ میں بند کردیا۔تفصیلات کے مطابق سعید آباد تھانہ کی حدود بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 8Eنیو سعید آباد کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے76سالہ عارف خان ولد عبدالغفور جاں بحق ہوگیا،واقعے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر متوفی کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا، جب کہ پولیس نے موقع پرپہنچ کر واٹر ٹینکر کو قبضے میں لے کر تھانہ منتقل کردیا تاہم حادثہ کا ذمہ دار واٹر ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا،واقعے کے خلاف متوفی شخص کے اہل خانہ کی جانب سےتھانہ کے باہر احتجاج کیا گیا،متوفی کے ورثاء کا کہنا تھا کہ واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ہمارے گھر کا فرد جاں بحق ہوا اور جب ہم نے واقعے میں ملوث ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تو ہم پر لاٹھی چارج کیا گیا۔