• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوات، جماعت اسلامی کے تحت پہلی بار خواتین کی اسرائیل کیخلاف ریلی

سوات(نیوز ایجنسی) سوات کی تاریخ میں پہلی بار خواتین نے اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں ریلی نکالی ۔جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام ہونے والی ریلی میں شریک خواتین اور طالبات نے مینگورہ بائی پاس پر غیر ملکی ریسٹورینٹ کے سامنے دھرنادیا اور فلسطین کے حق میں نعرے لگائے ۔ خواتین کی ریلی کی قیادت جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی نائب ناظمہ زاہدہ کرم کررہی تھیں ۔ خواتین نے مینگورہ بائی پرس پر ریلی نکالی ۔ خواتین نے فلسطینی جھنڈے اٹھائے جبکہ طالبات نے سروں پر سفید پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور لبیک یا اقصی کے واشگاف نعرے لگاتی رہیں ۔ خواتین نے مینگورہ بائی پاس پر قائم غیر ملکی فوڈ ریسٹورینٹ کے سامنے دھرنا دیاو ر اسرائیل اور اس کے حواری امریکہ سمیت دیگر طاغوتی قوتوں کے خلاف نعرے بازی کی ۔اس موقع پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی رہنما زاہدہ کرم اور یگر رہنماوں نے کہا کہ اسرائیل امریکا کی ناجائز اولاد اور فلسطین میں صیہونی مظالم انتہائی قابل مذمت اور شرمناک فعل ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان کے عوام کے دل فلسطین کے مظلوموں کے ساتھ دھڑکھتے ہیں لیکن افسوس کا مقام ہے کہ مسلم حکمرانوں نے بے حسی کی انتہا کردی ہے اور اسرائیل کی دہشت گردی پر خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام صیہونی پراڈکٹس کا بائیکاٹ کیا جائے ۔شرکا نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا اور اسرائیلی مظالم کے خلاف امت مسلمہ کے حکمرانوں سے عالمی سطح پر جہاد کرنے کا مطالبہ کیا ۔

ملک بھر سے سے مزید