• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

TDAP ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے، وزیرا عظم شہباز شریف

کراچی (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ TDAP ملک کی برآمدات میں اضافے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستانی مصنوعات کی پہچان کیلئے اہم کردار ادا کررہاہے،وہ لاہور میں منعقدہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے زیر اہتمام منعقدہ ہیلتھ، انجینئرنگ اینڈ منرلز شو(HEMS)2025کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ہیلتھ، انجینئرنگ اینڈ منرلز شو 2025کے دوران منعقدہ سرگرمیوں اور حاصل کردہ کامیابیوں کو تقریب میں اجاگر کیا گیا، جن میں 2,200 سے زائد بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں، 24مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط، اور 432ملین امریکی ڈالر کی ممکنہ تجارتی ڈیلز شامل تھیں۔ اس شو میں 70سے زائد ممالک کے 900غیر ملکی مندوبین، 194 نمائش کنندگان اور 21 اختراعی سٹارٹ اپس نے شرکت کی۔تقریب میں بتایا گیا کہ مندوبین نے پاکستان کی صنعتی استعداد کا جائزہ لینے کے لیے 18 فیکٹریوں اور صنعتی یونٹس کا دورہ کیا، جب کہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ پانچ اسٹریٹجک میٹنگز اور سات ریگولیٹری ڈائیلاگ بھی منعقد کیے گئے، جن کا مقصد تجارتی ہم آہنگی اور مارکیٹ تک رسائی کو فروغ دینا تھا۔اختتامی تقریب کے دوران TDAP نے اعلان کیا کہ ہیلتھ، انجینئرنگ اینڈ منرلز شو کو ہر سال منعقد کیا جائے گا تاکہ پاکستان کی برآمدی صلاحیتوں کو مسلسل عالمی منظرنامے میں اجاگر کیا جا سکے،تقریب میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، سیکریٹری تجارت جواد پال، احمد خان اور سیکریٹری TDAP شیریار تاج سمیت اعلیٰ حکومتی افسران نے شرکت کی۔۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان بین الاقوامی تجارتی میدان میں اپنی جگہ مزید مستحکم کرے گا۔

ملک بھر سے سے مزید