کراچی (اسٹا ف رپورٹر)پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او اور منیجنگ ڈائریکٹر مسٹر ہیروشی کاوامورا نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کو سستی نقل و حرکت فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہیں اورپاک سوزوکی ہمیشہ پاکستان کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے اور سستی نقل و حرکت فراہم کرنے کے اپنے مشن کے لیے پرعزم ہے۔گزشتہ سالوں میں، سوزوکی نے 2.5 ملین سے زیادہ صارفین کا اعتماد حاصل کیا ہے، اور یہ ایک گھریلو نام بن گیا ہے جو قابل اعتماد اور قدر کا مترادف ہے۔ پائیدار ترقی کے لیے پاک سوزوکی کی حکمت عملی کا بنیادی مرکز مقامی طور پر دستیاب وسائل پر انحصار کرنا ہے۔پاکستان میں آٹو موبائل انڈسٹری میں45فیصد ٹیکسز عائد ہیں ،اگر ان ٹیکسوں کی شرح مناسب کردی جائے تو ملک میں گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایا ں کمی ہوسکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایڈیٹرز کلب کے زیر اہتمام منعقدہ انٹرایکٹوسیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صدر کراچی ایڈیٹرز کلب مبشرمیر ،صدر اے پی این ایس سرمد علی ،کرنل (ر)مختار بٹ ،سابق صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی ،اقبال جمیل ،طاہر صدیقی ،آفتاب مغیری ،شبر نقوی ،جاوید ملک ، جنرل منیجر سوزوکی کارپوریٹ افیئرز اخلاق ورک اورایگزیکٹو آفیسر مارکیٹنگ عامر شفیع بھی موجود تھے ۔ ہیروشی کاوامورا نے پاکستان کی آٹوموبائل انڈسٹری کے لیے اپنے دیرینہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ"سوزوکی کے لیے، پاکستان ایک خاص مقام رکھتا ہے یہ جاپان سے باہر پہلا ملک تھا جہاں سوزوکی نے 1975 میں آٹوموبائل کی پیداوار شروع کی تھی،۔مسٹر کاوامورا نے کہا کہ "گزشتہ سالوں میں، سوزوکی نے 2.5 ملین سے زیادہ صارفین کا اعتماد حاصل کیا ہے، اور یہ ایک گھریلو نام بن گیا ہے جو قابل اعتماد اور قدر کا مترادف ہے۔"مسٹر کاوامورا نے 100 سے زیادہ شہروں میں 175 ڈیلرشپ آؤٹ لیٹس کے سب سے بڑے ملک گیر نیٹ ورک کی تعمیر میں پاک سوزوکی کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ"اس سال آٹوموبائل CKD مارکیٹ میں 20 فیصد سے زیادہ اضافے کا امکان ہے۔ پاک سوزوکی اپنے 45 فیصد مارکیٹ شیئر کو برقرار رکھنے کے لیے اچھی پوزیشن میں ہے۔