کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئرصحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہاہے کہ عمران خان نااہلی سے بچنے کیلئے تمام کارڈز کھیل رہے ہیں لیکن فیصلہ ہوچکا ہے وہ بچ نہیں سکیں گے۔سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ عمران خان کی جیل بھروتحریک کامیاب نہیں ہوگی انہیں اس سے گریز کرنا چاہئے
عمران خان کے مخالفین کی خواہش ان کے ساتھ بھی وہی سلوک ہو جو نواز شریف کے ساتھ کیا گیا تھا، ملتان سلطان کے کھلاڑی شان مسعود نے کہا کہ پی ایس ایل نے پاکستان کرکٹ کو بہت اچھے کھلاڑی دیئے ہیں.
لاہور قلندرز کے کھلاڑی فخر زمان نے کہا کہ پاکستان سپرلیگ میں بہت کوالٹی کرکٹ کھیلی جاتی ہے۔
سینئرصحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 90دن میں الیکشن نہیں ہوں گے، میری رائے میں 90ن میں الیکشن ہونے چاہئیں کیونکہ یہ آئین کا تقاضا ہے، لیکن پاکستان میں کوئی آئینی تقاضے نہیں مانگتا جو ان کا دل چاہتاہے کرتے ہیں، رینجرز اور ایف سی نے الیکشن کے انعقاد کیلئے خیبرپختونخوا پولیس کی مدد کرنے سے انکار کردیا ہے، وزارت خزانہ نے بھی الیکشن کمیشن کو انتخابات کیلئے مطلوبہ رقم دینے سے انکار کردیا ہے، الیکشن کمیشن کو پیسے اور افرادی قوت نہ دے کر انتخابات نہ کروانے کا جوا ز مہیا کردیا گیا ہے۔
حامد میر نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف اور جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرمی چیف بنانا نواز شریف کے بلنڈرز تھے،عمران خان نااہلی سے بچنے کیلئے تمام کارڈز کھیل رہے ہیں لیکن فیصلہ ہوچکا ہے وہ بچ نہیں سکیں گے۔
سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن 90دن میں ہونے چاہئیں لیکن ہوتے نظر نہیں آرہے، برسراقتدار جماعتیں مسلسل ایک ساتھ الیکشن کروانے کی بات کررہی ہیں، اکتوبر میں انتخابات ہوتے ہیں تب بھی سیکیورٹی اور مالی مسائل تو ہوں گے،اس وقت افرادی قوت اور اخراجات کیلئے پیسے کہاں سے آئیں گے، عمران خان کی جیل بھروتحریک کامیاب نہیں ہوگی انہیں اس سے گریز کرنا چاہئے، عمران خان کے مخالفین کی خواہش ان کے ساتھ بھی وہی سلوک ہو جو نواز شریف کے ساتھ کیا گیا تھا۔
ملتان سلطان کے کھلاڑی شان مسعود نے کہا کہ پی ایس ایل نے پاکستان کرکٹ کو بہت اچھے کھلاڑی دیئے ہیں، پی ایس ایل کے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم نے پچھلے ورلڈکپ کا سیمی فائنل اور اس سال ورلڈکپ کا فائنل کھیلا ہے، اچھے ملکی و غیرملکی کھلاڑیوں اور کوچز کے ساتھ کھیل کر ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے، ہم چاہتے پاکستان میں تمام بڑے گراؤنڈز پر پی ایس ایل کے میچز ہوں
پی ایس ایل میں چھ سال ہوگئے ہر سال کچھ نہ کچھ نیا سیکھا ہے، محمد رضوان کی کپتانی میں ملتان سلطانز ایک پی ایس ایل جیتا دوسرے کا فائنل کھیلا ہے، دونوں ٹورنامنٹس میں محمد رضوان نے پانچ پانچ سو رنز اسکور کیے، محمد رضوان ایک بہادر کپتان ہے جو کھلاڑیوں کو مکمل سپورٹ کرتا ہے۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض کی پی ایس ایل میں 100سے زائد وکٹیں ہیں،وہاب بھائی کے وزیرکھیل ہوتے ہوئے انہی کے صوبے میں ان کے خلاف رنز کرنے کا زیادہ مزہ آئے گا۔لاہور قلندرز کے کھلاڑی فخر زمان نے کہا کہ پاکستان سپرلیگ میں بہت کوالٹی کرکٹ کھیلی جاتی ہے، پی ایس ایل نے پاکستان کرکٹ کو نئی پہچان دی ہے.
تمام کھلاڑی سارا سال پی ایس ایل کا انتظار کرتے ہیں، پی ایس ایل کیلئے لاہور قلندر ز زبردست تیاری کررہی ہے، لاہور قلندر نے مجھے کھیلنے کیلئے بڑا پلیٹ فارم دیا ، لاہور قلندرز میں تمام کھلاڑی زبردست ماحول میں کرکٹ انجوائے کرتے ہیں، شاہین شاہ آفریدی باؤلنگ کی طرح بطور کپتان میں بھی کامیاب رہا ہے۔ فخر زمان کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض نے پی ایس ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں لی ہیں انہیں کم نہیں سمجھا جاسکتا۔
فخر زمان نے کامیاب شوہر بننے کیلئے شان مسعود کو مشورہ دیا کہ بیوی سے جو بھی حکم ملے اسے پورا کریں بہت خوش رہیں گے۔