اسلام آباد(آئی این پی ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ان کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی عدالت نے سماعت 9 مارچ تک ملتوی کردی۔ سماعت کے آغاز پر عمران خان کی جانب سے وکیل انتظار پنجوتھا کا وکالت نامہ عدالت میں جمع کرایا گیا۔ اس موقع پر اسپیشل پراسیکیوٹر راجا رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی۔ اسپیشل پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت میں مقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کی عدم پیشی پر ضمانتی مچلکے منسوخ کئے جائیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان کے وکیل پیش ہوں گے تو اس کے بعد دیکھیں گے۔ عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا۔ وقفے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا، جس میں عمران خان کی جانب سے وکیل نے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کردی۔ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی صحت اجازت نہیں دے رہی کہ اسلام آباد آئیں۔