کوئٹہ ( آئی این پی ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ نہ عمران خان مسلط ہوتا نہ آئی ایم ایف آتا، نہ عمران خان معاہدہ توڑتا نہ آج منی بجٹ آتا، منی بجٹ کا نام عمران بجٹ رکھا جائے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ عمران کا فیض آئی ایم ایف، معیشت اور مہنگائی کی تباہی لایا، آج مہنگائی عمران کا فیض جاریہ ہے، عمران کے فیض کے چرچے لندن میں بھی جاری ہیں، شہباز شریف کے خلاف ڈیلی میل میں جھوٹی خبر شائع کرانے والے کے بارے میں ڈیلی میل میں سچی خبر شائع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ اہلیہ نے گواہی دی کہ ٹیریان عمران خان کی بیٹی ہے لیکن آرٹیکل 62 اور 63 پر مکمل خاموشی طاری ہے، آئین کی یہ دو شقیں کیا معطل ہو چکی ہیں یا آئین کا حصہ نہیں رہیں؟ مولانا حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے لئے عدلیہ کی دریا دلی پر رشک آتا ہے، علی وزیر حسرت سے یہ سب دیکھتا ہوگا، تقریر نہ کرو، جیل بھرو، جیل جانے کی باری آئی تو بزرگی اور بیماری یاد آگئی، دراصل جیب بھرنے کے لئے کپتان اور جیل بھرنے کے لئے عوام ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان بزرگ ہے نہ بیمار ہے، وہ صرف فنکار ہے۔