اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹر آصف علی نے دن میں 150 چھکے مارنے کی بات کی تردید کر دی۔
جیو نیوز سے گفتگو میں آصف علی نے کہا کہ میں انسان ہوں، مشین تھوڑی ہوں کہ دن میں 150 چھکے ماروں گا۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ 150 چھکوں کی پریکٹس کرنے والا میرا انٹرویو غلط لگایا گیا تھا، میں 40 کے راؤنڈ کے حساب سے چھکوں کی پریکٹس کر رہا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹر نے مزید کہا کہ 150 چھکے کون مار سکتا ہے؟ زیادہ سے زیادہ 15 سے 20 شاٹس کی پریکٹس کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میری کوشش یہی ہے کہ جو میرا جارحانہ انداز ہے اسی کے مطابق بیٹنگ کروں، مجھے جو بھی رول دیا گیا اس کو اچھے طریقے سے کرنے کی کوشش کروں گا۔
آصف علی نے یہ بھی کہا کہ 6 چھکوں والا ایک دن ہوتا ہے، افتخار احمد نے چھکے بھی پاکستان کے بہترین بولر کو مارے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے علاوہ سب کرکٹ میرے لیے اہمیت کی حامل ہے، اس وقت پی ایس ایل چل رہی ہے، اسی پر فوکس ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹر نے کہا کہ پی ایس ایل انٹرنیشنل کرکٹ سے ایک قدم کی دوری پر ہے، ایونٹ کی پرفارمنس کام آتی ہے، کوشش ہو گی کہ یہاں اچھا کروں۔
ان کا کہنا تھا کہ اچھی بات ہے کہ احسان اللّٰہ کی شکل میں تیز رفتار بولرز آ رہے ہیں، ملتان سلطانز کے اس بولر کو تیز بولنگ کرتے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔
بیٹر آصف علی نے مزید کہا کہ احسان اللّٰہ تسلسل کے ساتھ ایک اسپیڈ کے ساتھ بولنگ کرتا ہے، جو اچھی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا شروع سے جارحانہ کرکٹ کھیلنے والا انداز ہے، ہماری کوشش یہی ہوتی ہے کہ اسٹرائیک ریٹ کو زیادہ رکھنا ہے، جس کی سب تعریف بھی کرتے ہیں۔