سندھ بھر میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کرانے اور جعلی نمبر پلیٹ ہٹانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دے دی گئی۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سندھ میں اب کوئی گاڑی اوپن لیٹر یا رجسٹریشن کے بغیر نہیں چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ مقررہ مدت کے بعد جو گاڑی مالک کے نام پر رجسٹرڈ نہیں یا اپلائیڈ فور رجسٹریشن ہو گی وہ ضبط کی جائے گی۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ حکومت نے کے پی او حملے کے بعد فیصلہ کیا ہے کسی شوروم سے کوئی بھی گاڑی بغیر رجسٹریشن کے بیچی گئی تو شوروم کے مالک کو گرفتار کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وردی کے بغیر اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
جیل بھرو تحریک سے متعلق شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے صدر عارف علوی جیل جائیں، انہوں نے بڑے بڑے دہشت گردوں کی سزائیں معاف کی ہیں۔