بریڈ فورڈ (پ ر) بھارت جس راستے پر چل رہا ہے اس سے مسئلہ کشمیر کو پُرامن طور پر حل کرنے کے تمام راستے بند ہوتے جارہے ہیں، بھارت مسلمانوں کی اکثریت کو ختم کرنے، مسلمانوں کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے اور نوکریوں سے نکالنے کے جو غیر قانونی اقدامات کر رہا ہے، اس کو روکنے کیلئے کوئی تیار نہیں، کشمیریوں کا وکیل حکومت پاکستان بھی خاموش تماشائی بنا ہوا ہے جس سیاسی اور سفارتی حمایت کا بار بار دلاسہ دیا جاتا ہے وہ بھی کہیں نظر نہیں آتی، کشمیری جن مشکل ترین حالات اور مصائب سے گذر رہے ہیں وہ خطرناک اور لحمہ فکریہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہارتحریک کشمیر برطانیہ نارتھ زون کے ناظمین کے اجلاس سے تحریک کشمیر برطانیہ کے جنرل سیکرٹری حافظ آزاد چوہدری، چوہدری محمد یاسین، راجہ محمد آزاد، ریاض شاہد گھمن،شفیق ملک، راجہ محمد عارف،اشتیاق احمد، راجہ جمیل اختر، چوہدری محمد یوسف، مجاہد حسین، غفران محمود، اور دیگر رہنمائوں نے کیا۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت نے370اور 35a کو ختم کر دیا اب کشمیرکی تقسیم کے لیے مسلمانوں کی اکثریت کو ختم کرنے کے لیے سازشیں کر رہا ہے کشمیری تمام تر مشکلات کے باوجود آزادی کی جدوجہد کو جارہی رکھے ہوئے ہیں، بھارت کے حربوں اور ہتھکنڈوں کا تنہا مقابلہ کر رہے ہیں کشمیریوں نوجوانوں کو گرفتار کر کے شہید کیا جاتا ساری حریت قیادت جیلوں پابند سلاسل ہے، کشمیر کو ایک جیل خانے میں تبدیل کر رکھا ہے،کسی کو اندر جانے اور باہر آنے کی اجازت نہیں۔ اجلاس میں بریڈ فورڈ، مانچسٹر، بولٹن، لیڈز، شفیلڈ، برنلے، نیلسن کے ناظمین نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات کے تناظر میں نارتھ زون کے زیر اہتمام 5 مارچ کو بریڈ فورڈ میں کشمیر کانفرنس منعقد ہوگی کانفرنس کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان ڈاکٹر خالد محمودہوں گے، ممبران پارلیمنٹ سیاسی اور سماجی رہنما خطاب کریں گے۔