لاہور ( این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کی جے آئی ٹی رپورٹ میں ردو بدل کیا جا رہا ہے۔جمعہ کو جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ اگر کسی کے ذہن میں اب بھی کوئی ابہام باقی ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کا ذمہ دار کون تھا تو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت(اے ٹی سی ) میں جمع کرائی جانے والی جے آئی ٹی رپورٹ کا حال دیکھ لے۔انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ کے مندرجات میں جان بوجھ کر رد و بدل کے ذریعے اب جے آئی ٹی کی تحقیقات و نتائج پر پانی پھیرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ایک آزادانہ انکوائری کے بعد 4 افسران کو شواہد تباہ کرنے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے پراسیکیوٹر جنرل نے ان کے خلاف کارروائی کی سفارش کی مگر طاقتور قوتوں نے سید خرم علی کو کنوینر بنوا کر ان چاروں افسران کو جے آئی ٹی میں شامل کرانے کیلئے پنجاب کی نگران حکومت سے جے آئی ٹی کی تشکیل نو کرائی ہے۔