• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات نہ ہونا حکومت کی نااہلی، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) عمران خان کے اعتراضات پر حکومت کو توجہ دینا ہوگی ۔عدلیہ سیاستدانوں کے بارے میں جو چاہے کہے لیکن اگر سیاستدان عدلیہ کے بارے میں کچھ کہیں تو ایشو بن جاتا ہے ۔عمران خان کی تنقید درست ہے ، عدلیہ کو بلیک میل کیا جارہا ہے۔ مریم اپنی سزا بھگت چکی ہیں جن عدالتوں نے ان کو سزا دی انہوں نے ہی ان کو بری بھی کیا ، عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات نہ ہونا حکومت کی نااہلی ہے ۔ہماری عدلیہ نے اپنے آپ کو اس وقت ایسی جگہ پر لاکر کھڑا کیا ہے کہ جہاں عدلیہ پر سوال اٹھ رہے ہیں،ذمہ داری تو اس وقت کے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی تھی جنہوں نے ایف آئی آر نہیں کاٹی ۔یہ کہنا تھا جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ “ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار و صحافی بے نظیر شاہ ، ارشاد بھٹی ، حفیظ اللہ نیازی اور مظہر عباس کا جو میزبان علینا فاروق شیخ کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کیا عمران خان کی پی ڈی ایم پر تنقید درست ہے ؟ اور دوسرے سوال ”عمران خان پر قاتلانہ حملہ ، حکومت اب تک تحقیقات کیوں نہیں کرواسکی ؟کے جوابات دے رہے تھے ۔ تجزیہ کار بے نظیر شاہ نے کہا عمران خان کہہ رہے ہیں کہ مریم نواز عدلیہ پر کیلکولیٹڈ حملہ آور ہیں لیکن شاید وہ بھول گئے جس قسم کے سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ چلائے گئے اور ٹرینڈ چلائے گئے تھے ججز کے خلاف اور ان کے گھر والوں کے خلاف بھی جب قاسم سوری کے خلاف فیصلہ آیا تھا تو کیا وہ کیلکولیٹڈ حملہ نہیں تھا ، عمران خان تو کہا کرتے تھے کیسے راتوں کو کورٹس کھل جاتی ہیں اور یہ وہی ججز ہیں جنہوں نے پی ٹی آئی کو انصاف بھی دیا ہےمیرا سوال یہ ہے کہ ہماری عدلیہ کہتی ہے کہ ملک کو کرپشن سے پاک حکومت چاہئے تو آپ سیاستدانوں کے بارے میں جو مرضی چاہے کہہ دیں لیکن اگر سیاستدان آپ پر تنقید کرے تو بہت بڑا ایشو بن جاتا ہے ،توہین لگ جاتی ہے تو کیا یہ ڈبل اسٹینڈرڈ نہیں ہے ۔ دوسرے سوال کے جواب میں بے نظیر شاہ کا کہنا تھا کہ بالکل عمران خان کے جو اعتراضات ہیں اس جانب حکومت کو توجہ دینا چاہئے ۔ تجزیہ کار اور صحافی ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تنقید بالکل درست ہے اور عدلیہ کو بالکل بلیک میل کیا جارہا ہے اور اس کا مقصد مرضی کے فیصلے لینا ہے جس کی ابتداء مریم نواز نے کردی ہے میری نظر میں تو عدلیہ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ دوسرے سوال کے جواب میں ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ ساڑھے دس مہینے ہوگئے موجودہ حکومت کو سمجھ سے بالا ہے کہ وہ اب تک تحقیقات کیونکر نہیں کراسکی ہے ،میں سمجھتا ہوں کہ ان کی چاروں باتوں کی تحقیقات ہونا چاہئے ۔

ملک بھر سے سے مزید