اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت ممنوعہ فنڈنگ کیس میں 28 فروری کو آئندہ سماعت پر عمران خان کو عدالت پیش ہونے کا حکم دے دیا جبکہ ایف آئی اے نے عدالت میں درخواست دائر کردی جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے طبی معائنہ کیلئے پمز یا پولی کلینک اسپتال کامیڈیکل بورڈ بنایا جائے۔ ہفتہ کو سماعت کے دوران نعیم حیدر ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے اور کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے آرڈر کیا ہے کہ عمران خان 28 فروری کو پیش ہونگے،اس موقع پر عمران خان کی قانونی ٹیم کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈر کی کاپی جمع کرائی گئی ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار 25فروری کو عدالت پیش ہوجائیں تو انہیں اعتراض نہیں ہوگا ،درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت کے بعد عمران خان نے تین مارچ کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونا ہے،درخواست گزار نے28 فروری کو عدالت کے روبرو پیش ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے،توقع کرتے ہیں کہ بینکنگ کورٹ 28 فروری تک میڈیکل بورڈ کی تشکیل اور عبوری ضمانت کی درخواست پر کوئی فیصلہ جاری نہیں کرے گی،انصاف کا تقاضا ہے کہ عمران خان کی درخواست نمٹا دی جائے، دوران سماعت ایف آئی اے کی جانب سے عمران خان کے طبی معائنہ کیلئے پمز یا پولی کلینک اسپتال کا بورڈ بنانے کیلئے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ عمران خان کی ضمانت میں توسیع کرنے کی درخواست بینکنگ کورٹ میں زیرالتوا ہے، عبوری ضمانت ملنے کے بعد عمران خان رعایت کا غلط فا ئدہ اٹھارہےاور عدالت پیش نہیں ہورہے،عمران خان ایف آئی اے کے ساتھ تفتیش کے حوالے سے تعاون نہیں کر رہے، عمران خان کو آرتھوپیڈک کا مسئلہ ہے لیکن میڈیکل رپورٹ کینسر اسپتال کی جمع کروا رہے، شوکت خانم ہسپتال کی سربراہی عمران خان کرتے ہیں، میڈیکل رپورٹ کو معتبر تسلیم نہیں کرسکتے، استدعا ہے کہ عمران خان کا پمز یا پولی کلینک اسپتال سے طبی معائنہ کروا یا جائے ،پمز یا پولی کلینک میں کی گئی عمران خان کی طبی رپورٹس کو زیرغور لایاجاسکتاہے،عمران خان کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے اورمیڈیکل بورڈ تشکیل دے کر عمران خان کی طبی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیاجائے،جس پر عدالت نے کہاکہ یہ معاملہ آئندہ سماعت پر دیکھ لیں گے اور اسلام آباد ہائیکورٹ احکامات کی روشنی میں عمران خان کو عدالت پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت28فروری تک کیلئے ملتوی کردی۔