• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عبدالستار ایدھی کا 95 واں یوم پیدائش منایا گیا

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر ) عالمی شہرت یافتہ سماجی رہنماء عبدالستار ایدھی کا95 واں یوم پیدائش 28فروری کو منایاگیا،وہ 28فروری 1928ء کو بھارت میں پیدا ہوئے تھے،عبدالستار ایدھی اپنی ساری زندگی ضرورت مندوں کے لئے وقف کر کے رہتی دنیا تک انسانوں کے لئے مشعل راہ بن گئے۔انہوں نے خدمت خلق کا سفر 1954ء میں 2 ہزار روپے میں خریدی گئی پہلی ایمبولینس سے شروع کیا۔ عبدالستارایدھی نےانسانی خدمت کے کام کو اتنی وسعت دی کہ ان کی فاؤنڈیشن کے 400سے زائد مراکز کام کررہے ہیں وہ 8جولائی2016 کو87 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ ایدھی بذات خود ایک ایسا ادارہ تھے جو ملک کے پسماندہ طبقے کے لئے کام کرتا تھا، انہوں نے مشکل وقت بھی دیکھا، ان کو سیاسی معاملات میں بھی استعمال کرنے کی کوشش کی گئی اور ناکام ہونے پر ان کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا، جس پر ان کو کچھ عرصے پاکستان سے باہر بھی رہنا پڑا لیکن انہوں نے اپنے مشن خدمت انسانیت کو جاری رکھا۔ اس عظیم فلاحی کارکن نے ایدھی فاؤنڈیشن چھ دہائیوں تک کچھ ایسے چلائی کہ حکومت بھی وہ کام نہ کر سکی جو اس تنظیم نے کیا۔ بلا شبہ ایدھی فاؤنڈیشن نے نہ صرف پاکستان بلکہ بر صغیر میں فلاحی کام کو ایک انقلابی شکل دی۔ انسانیت کی بے لوث خدمت میں عالمی شہرت حاصل کرنے کے باوجود، پاکستان کے اکثر سیاست دانوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے برعکس ایدھی نے سادگی سے زندگی گزاری آج ایدھی ہم میں نہیں مگر ان کے اہل خانہ اور ایدھی فاؤنڈیشن کے کارکن ان کا مشن آگے بڑھا رہے ہیں۔ سڑک پر چلتی ہر ایدھی ایمبولینس ہمیں ان کی یاد دلاتی رہے گی ۔
کوئٹہ سے مزید