معروف پاکستانی گلوکارہ و سماجی کارکن حدیقہ کیانی سیلاب متاثرین کے لیے 100 گھر تعمیر کروانے میں کامیاب ہوگئیں۔
حدیقہ کیانی نے بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کی تحصیل ٹمبو کے ایک گاؤں میں 100 گھر تعمیر کروا دیے۔
اُنہوں نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ’وسیلہ راہ‘ کے نام سے جس مہم کا میں نے آغاز کیا تھا اس کے تحت متاثرین کے لیے 100 گھروں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ایک اسکول، ایک مسجد، ایک میٹرنٹی ہوم اور ایک شہید کے 12 سال کے بیٹے کے لیے ایک کریانہ اسٹور بھی بنایا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ابھی ہم اس علاقے کی دوسری تحصیل کنڈی کے علاقے میں تقریباََ 200 گھر اور تعمیر کروائیں گے، جس پر پہلے فی کمرے تقریباََ ڈھائی لاکھ روپے کی لاگت آنی تھی لیکن اب مہنگائی بڑھ گئی ہے تو فی کمرہ ساڑھے تین لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔
اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے آپ لوگوں کی مدد سے ہم نے یہ 100 گھر تعمیر کیے ہیں تو باقی گھر بھی آپ لوگوں کی مدد سے تعمیر ہوجائیں گے، انشاءاللّٰہ۔
واضح رہے کہ حدیقہ کیانی نے سیلاب کے فوری بعد متاثرین کے لیے امدادی کاموں کا آغاز کردیا تھا۔