بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان نے 2016 میں اپنی فلم دنگل کی پروموشن کے دوران کہا تھا کہ وہ شاہ رخ خان اور سلمان خان کو خود سے بڑا اسٹار سمجھتے ہیں اور ان کےمقابلے میں خود کو ویٹر سمجھتا ہوں۔
واضح رہے کہ انھوں نے ایک سوال پر نہ صرف سلمان اور شاہ رخ بلکہ امیتابھ بچن کو خود سے بڑا اسٹار کہا تھا، بالی ووڈ میں تین بڑے نام عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان کو ایک طویل عرصے سے آخری حقیقی سپر اسٹار مانا جاتا ہے۔
گوکہ فلم اسکرین سے ہٹ کر یہ تینوں گہرے دوست ہیں، لیکن ان کے مداحوں کے درمیان اس بات پر بحث کبھی ختم نہیں ہوئی کہ ان میں سے بڑا اسٹار کون ہے؟ تاہم دلچسپ امر یہ ہے کہ عامر خان نے کہا تھا سلمان اور شاہ رخ کو وہ خود سے بڑا اداکار سمجھتے ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ انڈسٹری میں بہت سے اسٹارز ہیں جنھیں میں بڑا سمجھتا ہوں، ان میں ریتک روشن، رنبیر کپور اور رنویر سنگھ شامل ہیں، یہاں بہت سارے اسٹارز ہیں جو بہت پاپولر ہیں، میں تقابل میں نہیں جانا چاہتا۔
60 سالہ عامر نے کہا تھا جب میں نے سلمان کو ایک کمرے میں جاتے دیکھا تو مجھے محسوس ہوا کہ ایک اسٹار کی آمد ہوئی ہے، جب میں داخل ہوا تو ایسا لگا کہ ایک ویٹر داخل ہوا ہے، معذرت خواہ ہوں مجھے ایسا نہیں بولنا چاہیے تھا، ویٹرز بھی عظیم لوگ ہوتے ہیں۔ لیکن سلمان اور شاہ رخ آتے ہیں تو وہ اسٹارز لگتے ہیں، وہ مجھ بڑے اسٹارز ہیں۔
یاد رہے کہ عامر کی دنگل اور سلمان کی سلطان 2016 میں ریلیز ہوئی تھیں اور دونوں بہت کامیاب رہی تھیں۔ سلطان نے 80 کروڑ کے بجٹ پر دنیا بھر میں 607.84 کروڑ کمائے جبکہ 70 کروڑ کے بجٹ کے دنگل نے حیرت انگیز طور پر دنیا بھر میں 2,070 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔