پاکستانی معروف گلوکار اور نغمہ نگار بلال مقصود نے اپنے والد معروف ڈرامہ نگار، ٹیلی وژن میزبان و مزاح نگار انور مقصود کی سالگرہ پر ان کی ان دیکھی تصویر شیئر کر دی۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گلوکار نے والد کی شخصیت کے مزاحیہ انداز کو اُجاگر کرتے ہوئے ان کی ایک تصویر شیئر کی ہے۔
بچوں کے لیے خصوصی گانوں اور خاکوں پر مشتمل شو ’پکے دوست‘ پیش کرنے والے بلال مقصود نے اپنے والد کی سالگرہ پر ان کی منفرد تصویر شیئر کی، جس میں انہیں پیلے رنگ کی وگ لگائے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ پس منظر میں سفید غبارے بھی نظر آ رہے ہیں۔
انور مقصود کو ان کی 86 ویں سالگرہ پر انہیں مبارک باد پیش کی اور پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ سالگرہ مبارک میرے دوست۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی مذکورہ پوسٹ کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے شوبز انڈسٹری کے فنکاروں اور مداحوں نے انور مقصود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انور مقصود مشہور پاکستانی ٹی وی شوز جیسے ستارہ اور مہرونیسا، لوز ٹاک اور شو ٹائم کے لیے خاصی شہرت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مشہور شوز ففٹی ففٹی اور آنگن ٹیڑھا بھی لکھے اور اسٹوڈیو ڈھائی اور اسٹوڈیو پونے تین جیسے پروگرام بھی پیش کیے۔
اس کے علاوہ انور مقصود نے کئی مشہور اسٹیج ڈرامے بھی تحریر کیے جس میں 14 اگست، ساڑھے 14 اگست، انور مقصود کا دھرنا، اور سیاچن شامل ہیں۔
گوکہ انور مقصود خود تو سوشل میڈیا پر نہیں ہیں لیکن ان کے بیٹے اور گلوکار اکثر و بیشتر اپنے اور اپنے والد کے ساتھ یاد گار لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔