پاکستان نیوی روشن خان جہانگیرخان اسکواش کمپلیکس کراچی میں پاکستان نیوی اور کومبیکس اسپورٹس کے اشتراک سے ماضی کے عظیم اسکواش کھلاڑی اور سابق عالمی چیمپئن جہانگیرخان کے والد روشن خان سے موسوم کومبیکس روشن خان قومی ٹیم مینز اور ویمنز اسکواش چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا جس میں مردوں کی سات اور خواتین کی چارٹیموں نے حصہ لیا۔
26 نومبر 1929 کو پشاور کے علاقے نواں کلی میں جنم لینے والے روشن خان ابتدائی دنوں سے ہی اسکواش سے بہت رغبت رکھتے تھے 1949 میں پہلے پاکستان اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں روشن خان نے فائنل تک رسائی حاصل کی جس کے بعد انہوں نے مسلسل تین سال پاکستان اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا 1953 میں روشن خان نے پاکستان نیوی مین شمولیت اختیار کی روشن خان کے کھیل میں دن بدن مہارت اور مزید نکھار آتا گیا۔
1956 میں روشن خان نے برٹش اوپن کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا جہاں انہیں ان کے ہم وطن ہاشم خان نے شکست دی تاہم 1957 کے برٹش اوپن فائنل میں روشن خان نے ہاشم خان کو شکست دیکر پہلی مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا روشن خان کو تین مرتبہ یوایس اوپن اور دومرتبہ کینیڈین اوپن جیتنے کابھی اعزاز حاصل رہا روشن خان 1986 میں نیوی سے ریٹائر ہوئے پاکستان نیوی نے ان کی شاندار قومی خدمات کومد نظر رکھتے ہوئے 1989 میں روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس کی تعمیر کا آغاز کیا جسے 1991 میں مکمل کیا گیا 6 جنوری 2006 کو 77 سال کی عمر میں روشن خان اس جہان فانی سے رخصت ہوگئے۔
راقم الحروف سے بات کرتے ہوئے دنیائے اسکواش کے عظیم کھلاڑی اور روشن خان کے صاحبزادے جہانگیرخان کاکہنا تھا کہ انہیں اسکواش میں اس مقام تک پہنچانے میں ان کے والد روشن خان نے سب سے اہم کردار ادا کیا وہ میرے منٹور تھے میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا، اسایونٹ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اسکواش میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہیں تاکہ وہ عالمی معیار کے کھلاڑی بن کر ملک کے لیے ا سکواش میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکیں ، ایونٹ میں پاکستان آرمی کی خواتین اور مردوں کی ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کے ٹائٹلز اپنے نام کئے مردوں کے فائنل میں آرمی نے واپڈا کو شکست دی۔
واضح رہے کہ پاکستان آرمی نے اسکواش کے مینز ایونٹ جیتنے کااعزاز پہلی بار حاصل کیا ہے ، پاکستان واپڈا نے دوسری جبکہ خیبرپختوخواہ اور پنجاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی بلوچستان نے پانچویں، پاکستان نیوی نے چھٹی اور سندھ ساتویں پوزیشن حاصل کر سکا، خواتین فائنل میں آرمی نے واپڈا کو شکست دی واپڈا نے ایونٹ میں دوسری اور سندھ اور پنجاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی تقسیم انعامات کی تقریب کے مہمان خصوصی اسکواش لیجنڈ اور سابق عالمی نمبر ایک جہانگیر خان نے کومبیکس سپورٹس کے سی ای او عمر سعید کے ہمراہ کھلاڑیوں میں میڈلز، ٹرافیز جبکہ آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران میں سونیئرزتقسیم کئے اس موقع پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر عدنان اسد، لیفٹیننٹ کمانڈر رحمت اللہ، جنرل منیجر کومبیکس اسپورٹس زبیر ماچا، ٹورنامنٹ ریفری نوید عالم، اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر طاہر جمیل خانزادہ بھی موجود تھے۔