کراچی (نیوز ڈیسک) ایئر انڈیا کی لندن سے ممبئی جانے والی پرواز میں ساتھی مسافروں سے بدتمیزی اور قواعد کی خلاف ورزی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، بھارتی اخبار کے مطابق ممبئی پولیس نے 37سالہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جس پر جہاز کے باتھ روم میں سگریٹ نوشی اور ساتھی مسافروں کے ساتھ بدتمیزی کا الزام ہے۔انڈین نژاد امریکی شہری راماکانت نے 10مارچ کو پرواز اے 130میں سفر کے دوران جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش بھی کی تھی۔ممبئی پولیس نے فلائٹ عملے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم کے بیگ سے ادویات کے علاوہ اور کوئی چیز نہیں ملی۔ملزم کی حالت کا اندازہ لگانے کے لیے نمونے لیبارٹری بھیج دیئے گئے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ وہ نشے کی حالت میں تو نہیں تھا۔