اسلام آباد(نمائندہ جنگ)آج کی سیاست میں ڈیجیٹل میڈیا محض اظہار کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک طاقتور سیاسی ہتھیار بن چکا ہے، سوشل میڈیا کے کردار سے انکار ممکن نہیں بدقسمتی سے کچھ قوتیں جھوٹ اور فیک نیوز کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کر رہی ہیں ہمیں نوجوانوں کی سوچ بدلنے کیلئے اس میدان میں متحرک ہونا ہوگا، ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کی ڈیجیٹل ٹیم کے مرکزی اجلاس میں کیا گیاجس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، ایم این اے قاسم گیلانی، سینیٹر ندیم بھٹو ، مختلف ڈویژنز کے ڈیجیٹل میڈیا سربراہان سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ برطانیہ، کینیڈا، جرمنی، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، امریکہ اور دنیا کے دیگر ملکوں میں مقیم پی پی پی ڈیجیٹل کارکنان نے آن لائن شرکت کی۔شرجیل انعام میمن نے کہا نوجوانوں کو حقائق سے روشناس کرانا اور منفی پروپیگنڈے کی حوصلہ شکنی ہماری اولین ترجیح ہے ڈیجیٹل میڈیا کی ٹیم عوام تک پارٹی کا پیغام پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے کچھ عناصر سوشل میڈیا پر نفرت، جھوٹ اور الزامات کی سیاست کر رہے ہیں۔