اسلام آباد (ساجد چوہدری) پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) اور عالمی جامعات کی تنظیم برائے ترقیِ معاشرہ کے درمیان سائنس، ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، مقصد او آئی سی رکن ممالک کے درمیان تحقیقی روابط اور جدید سائنسی شعبہ جات میں اشتراک کو بڑھانا ہے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب انڈونیشیاء کی معروف ائرلانگا یونیورسٹی میں منعقد ہوئی ، کامسٹیک کی جانب سے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری جبکہ ڈبلیو یو اے سی ڈی کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر محمد ناصح ریکٹر ائرلانگا یونیورسٹی و صدر ’’ڈبلیو یو اے سی ڈی ‘‘ نے معاہدے پر دستخط کیے، ’’ڈبلیو یو اے سی ڈی‘‘ ائرلانگا یونیورسٹی کا اقدام جو کہ عالمی نیٹ ورک ہے جو 11 ممالک کی 41 جامعات پر مشتمل ہے اور تعلیم و تحقیق کے ذریعے معاشرتی بہتری کے لیے کام کر رہا ہے ،اس معاہدے کا مقصد او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان تحقیقی روابط، علمی تبادلے اور جدید سائنسی شعبہ جات میں اشتراک کو فروغ دینا ہے۔