پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کھیلوں کی تنظیموں میں انتظامی امور میں بہتری کی آگاہی اور اس پر غور و خوض کے لیے مقامی ہوٹل میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد انٹر نیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے گڈ گورننس کے بنیادی اصولوں کو متعارف کرانے اور اولمپک موومنٹ کے تحت اختیار کیے جانے والے معیارات سے آگاہی فراہم کرنا تھا سیمینار میں مختلف فیڈریشنز اور سندھ اولمپک ایسوسی اایشن سے وابستہ کھیلوں کی صوبائی ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے شرکت کی اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے فیڈریشنز اورصوبائی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کو اپنی تنظیموں میں گڈ گورننس کے طریقوں کو نافذ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی پاکستان سمیت اپنے تمام رکن ممالک کو کھیلوں کے انتظامی امور میں متحرک اور کامیاب دیکھنا چاہتی ہے، تنظیمی ڈھانچے کو آئی او سی کے معیار کے مطابق بنانے کیلئے یہ سیمینار ایک سنگ میل ہے، کھلاڑیوں کو کھیل کامثالی ماحول فراہم کرنے سمیت بہت کچھ نیا سیکھنے کوملے گا، سیکر یٹری جنرل پی او اے محمد خالد محمود کہا کہ پی او اے پچھلے تین سالوں میں کھلاڑیوں کو خود مختار بنانے کیلئے کئی سیمینار کراچکی ہے جبکہ پی او اے ایتھلیٹ کمیشن کے تحت آئی او سی اور اولمپک کونسل آف ایشیاء کے ٹاپ ایتھلیٹ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
چیئرمین سندھ اولمپک ایسوسی ایشن ڈاکٹر جنید علی شاہ نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے کھیلوں کے منتظمین کو جدید طرز حکمرانی کے طریقوں سے آگاہ کرنے کے لیے سیمینارکے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا سیمینار میں محمد عاطف شفیق اور ڈاکٹر طارق علی گجر نے گڈ گورننس کے طریقوں کے بارے میں خیالات اور عملی معلومات سے متعلق شرکاء کو آگاہی فراہم کی سیمینار میں پی او اے کے انفرادی ممبرز رونق لاکھانی، سید وسیم الدین ہاشمی، سیکریٹری جنرل ایس او اے احمد علی راجپوت، ایسوسی ایٹ سیکریٹری جنرل پی او اے وینا سلمان مسعود سمیت مختلف صوبائی اسپورٹس ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے سیمینار کو پی او اے کی جانب سے ایک احسن اقدام قرار دیتے ہوئے مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے مستقبل میں بھی اس سلسلے کو جاری رکھنے پر زور دیا۔