• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ کے 30 لیگ میچز مکمل ہونے کے بعد کوالیفائر اور ایلی منیٹر کھیلنے والی ٹاپ فور ٹیموں کا فیصلہ ہو گیا۔ لاہور قلندرز پہلی، ملتان سلطانز دوسری، اسلام آباد یونائیٹڈ تیسری اور پشاورزلمی چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔ اسی طرح کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر رہیں۔ 15مارچ کو ہونے والے پہلے کوالیفائر میچ میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا مقابلہ ہو گا، کوالیفائر کی فاتح ٹیم براہ راست فائنل جبکہ ہارنے والی ٹیم ایلی منیٹر ٹو کھیلے گی۔

16مارچ کو پہلا ایلی منیٹر پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہو گا، 17مارچ کو کوالیفائر ہارنے والی اور پہلا ایلی منیٹر جیتنے والی ٹیم سے مقابلہ کریں گی۔ 19مارچ کو ایلی منیٹر ٹو اور کوالیفائر کی فاتح ٹیم کے درمیان فائنل ہوگا۔ لیگ میچوں کے خاص خاص ریکارڈز کے مطابق مجموعی طور پر ایک ہزار 237.1 اوورز میں397وکٹوں کے عوض 10ہزار 715 رنز بنائے گئے۔ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 28 ویں میچ میں ریکارڈ کے نئے انبار لگ گئے۔ جن میں عثمان خان نے تیز ترین سنچری جبکہ قیس احمد کی جانب سے مہنگے ترین بولر ہونے کا منفی اعزاز بھی شامل تھا۔ 

گلیڈی ایٹرز کے اسپنر قیس احمد نے اسی میچ میں 4اوورز میں 77رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس سے قبل مہنگے ترین بولر شاہد آفریدی تھے جنہوں نے گزشتہ برس کوئٹہ کی طرف سے کھیلتے ہوئے 4اوورز میں 67رنز دئیے تھے، اس میچ میں سلطانز نے 262 جبکہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف کے تعاقب میں 253 رنز بنائے ، مجموعی طور پر 515رنز اسکور ہوئے۔

میچ میں دونوں ٹیموں نے بائونڈریز کا بھی نیا ریکارڈ اپنے نام کیا، مجموعی طور پر 78چوکوں اور چھکوں کی برسات ہوئی جس میں 33چھکے اور 45 چوکے شامل ہیں۔ میچ میں مجموعی طور پر 378رنز باؤنڈریز کی مدد سے بنے، یہ کسی ایک میچ میں بائونڈریز سے سب سے زیادہ بننے والے رنز ہیں۔ پی ایس ایل میچ میں ایک ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ 40 باؤنڈریز کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے لگائیں۔ جاری ایڈیشن میں جیسن روئے کی چوتھی سنچری بنی۔

پہلی بار پی ایس ایل میچ میں دو سنچریاں بنائی گئیں، ایک اننگز میں سب سے زیادہ 20 چوکے لگانے والے جیسن رائے ہیں۔ ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پاور پلے میں بغیر کسی نقصان کے 91رنز بنائے جو ابتدائی 6 اوورز میں سب سے زیادہ اسکور ہے۔ سب سے زیادہ مجموعی اسکور ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 3 وکٹوں پر262 رنز بنائے، کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے خلاف 5وکٹوں پر 185رنز بنائے جس میں 2 بائیز، 4لیگ بائیز، 10وائڈ گیندوں اور 3 نو بالز سمیت 19اضافی رنز دئیے گئے جو ابتک اضافی رنز میں سب سے زیادہ ہیں۔

ملتان سلطانز کے محمد رضوان نے10 میچوں میں سب سے زیادہ483رنز بنائے جس میں ان کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور110رنز ناٹ آؤٹ ہے، ان کی بیٹنگ میں ایک سینچری اور 4 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں، لیگ میں56 نصف سنچریاں بنائی جاچکی ہیں، لیگ میں 46 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں، اب تک بلند و بالا 448 چھکوں میں سب سے زیادہ فخر زمان نے 26، کیڈمور نے 21، کولن منرو 20، رائلی روسو 18، اعظم خان اور صائم ایوب 17،17 جبکہ عماد وسیم کے 16 چھکے شامل ہیں۔ اسی طرح گپٹل،محمد حارث اورمحمد رضوان نے 14،14جبکہ جیسن رائے، پولارڈ پاول نے 12،12 چھکے لگائے ہیں۔ سکندررضا نے 11 جبکہ ونس اور افتخاراحمد نے 10،10 چھکے لگائے ہیں۔ 

لیگ میں لگائے جانے والے914 چوکوں میں سب سے زیادہ بابراعظم نے 47، محمدرضوان نے 46، عماد وسیم اور رائلی روسو نے 41،41اور گپٹل نے 31 چوکے لگائے ہیں۔ سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولرملتان سلطانز کے عباس آفریدی ہیں جنہوں نے 9 میچوں میں 32.5 اوورز پھینک کر329 رنز کے عوض 22 وکٹیں حاصل کی ہیں، ان کا بہترین بولنگ ایوریج 47 رنز کے عوض 5 وکٹیں ہیں۔ ملتان سلطانز کے ہی احسان اللہ ہیں نے 10میچوں میں 39.4 اوورز میں292 رنز کے عوض20وکٹیں حاصل کی ہیں، ان کا بہترین بولنگ فیگر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف4 اوورز میں12رنز دیکر 5وکٹیں ہیں۔

لاہورقلندرز کے راشدخان نے 8 میچوں میں 31 اوورز کروائے ہیں اور انہوں 195 رنز کے عوض 15 وکٹیں لی ہیں۔ بہترین کارکردگی کی بنیاد پرپلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ فخرزمان تین مرتبہ حاصل کرچکے ہیں جبکہ اعظم خان، مارٹن گپٹل، رائلی روسو اور عباس آفریدی نے یہ کارنامہ دودو مرتبہ سرانجام دئیے ہیں۔ اسی طرح کیڈمور، احسان اللہ، کولن منرو، عمادوسیم، جیمس نیشام، شاہین شاہ آفریدی، محمدرضوان، حسن علی، تبریز شمسی، ڈیوڈ ویسا، رومین پاول، سکندر رضا، راشد خان، فضل حق فاروقی، سیم ایوب، فہیم اشرف، جیسن رائے، محمد حارث اور محمد اخلاق نے یہ ایوارڈ ایک ایک مرتبہ حاصل کیا ہے۔ وکٹ کے پیچھے 47کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کے وکٹ کیپر بلنگز نے 7 میچوں میں 11 کھلاڑیوں کو کیچ آئوٹ کیا ہے جبکہ ملتان سلطانز کے محمدرضوان نے 10 میچوں میں 11 کھلاڑیوں کو کیچ آئوٹ کیا ہے۔ کراچی کنگز کے ویڈ نے 9 میچوں میں 4 کیچ اور 2 اسٹمپ آؤٹ سمیت 6 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سرفراز احمد نے 8 میچوں میں5 کیچ اور ایک اسٹمپ آؤٹ سمیت 6 کھلاڑیوں کو واپس پولین بھیجا ہے۔ حسیب اللہ خان اور بلنگز نے ایک اننگز میں سب سے زیادہ4، 4 کھلاڑیوں کو کیچ آئوٹ کیا ہے۔ گراؤنڈ کے چاروں جانب فیلڈنگ کے دوران159کیچ لئے گئے جس میں سب سے زیادہ 11 کیچ ملتان سلطانز کے کیرون پولارڈ نے پکڑے۔ کراچی کنگز کے عرفان خان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان نے 7، 7 کیچ لئے۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید