نئی دلی (اے پی پی)بھارتی سپریم کورٹ نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہندوتوا پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے ریاست اتر پردیش میں الہ آباد ہائی کورٹ کے احاطہ میں تقسیم برصغیر سے پہلے سے موجود مسجد کو تین ماہ میں ہٹانے کا حکم دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جسٹس سی ٹی روی کمار اور جسٹس ایم آر شاہ پر مشتمل سپریم کورٹ کے بنچ نے الہ آبادہائی کورٹ کے 2017کے حکم کے خلاف دائر درخواست کو مستر د کرتے ہوئے کہاکہ مسجد جس زمین پر تعمیر کی گئی ہے وہ وقف بورڈ کی نہیں بلکہ الہ آباد ہائی کورٹ کی ملکیت ہے لہذا اسے فوری طورپر ہٹایاجانا چاہیے ۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں ہائی کورٹ کے حکم میں مداخلت سے انکار کرتے ہوئے مسجد ہٹانے کے لیے سنی وقف بورڈ کو تین مہینے کا وقت دیتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔