اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ منگل کو 4 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ میں عدالت نے کہا ہے کہ عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں، عمران خان کو 7 مارچ کو عدالت نے طلب کیا تھا، عدالت نے 6 مارچ کو عمران خان کی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کی درخواست مسترد کی۔ عمران خان کی وارنٹ گرفتاری پر اپیل اسلام آباد ہائی کورٹ نے نمٹا دی تھی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق عمران خان کو سیشن عدالت پیش ہونے کا موقع دینا چاہئے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق 13 مارچ تک عمران خان کے وارنٹ منسوخ کئے گئے۔