اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے کہا ہے کہ بیرون ملک موجود پاکستانی مشنز کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، ہمارا بجٹ روپے میں ہے مشنز کے اخراجات ڈالرز اور دیگر کرنسیوں میں ہیں پہلے مشنز کا دارومدار وزارت خارجہ پر کم ہوتا تھا وقت کیساتھ ساتھ معاشی وسائل محدود ہوگئے ہیں، سیکرٹری خارجہ نے یہ بات حنا ربانی کھر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور کے اجلاس میں کہی ، حنا ربانی کھر کا کہنا تھا ہماری ریونیوسٹریم سوکھ چکی، بجٹ روپوں میں اور اخراجات ڈالرز میں ہیں،سیکرٹری خارجہ نے بریفنگ میں بتایا کہ اوورسیز پاکستانی کی ضروریات کے مطابق قونصلر سروسز کا جامع جائزہ لیا جارہا ہے وزارت خارجہ کی تصدیق شدہ دستاویزات دوبارہ تصدیق کے بغیر قابل استعمال ہیں، آن لائن پاور آف اٹارنی کی تصدیق کی سہولت مشنز کی دیرینہ ضرورت تھی۔