کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئروزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جون 2025ء میں 34نئی الیکٹرک بسیں اور 5ڈبل ڈیکر بسیں کراچی پہنچیں گی، مزید 100 بسیں بھی جون ہی میں پہنچ جائیں گی جبکہ سندھ حکومت نے ناقص و غیر محفوظ کمرشل گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخی اور گرین لائن و اورنج لائن کی گاڑیاں بروئے کار لاتے ہوئے آئندہ ہفتے نیا روٹ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سینئر وزیر نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو خواتین کے لیے مخصوص پنک ای وی اسکوٹر اسکیم جلد شروع کرنے کی ہدایات جاری کردیں، پنک اسکوٹی کے لئے ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات درخواست گزاروں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس ہونا لازمی قرار دے دیا گیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ کی زیر صدارت منگل کو یہاں محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کمال دایو، پیپلز بس سروس کے پراجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت اور روڈ سیفٹی سے متعلق حکومتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کمرشل گاڑیوں کے معائنے کا نظام جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں نیشنل ہائی وے اور سپر ہائی وے پر کمرشل گاڑیوں کے معائنے کے لیے ایم وی آئی سینٹرز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔