اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے غزہ میں بیپٹسٹ اسپتال (الاہلی اسپتال) پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ، طبی سہولیات کو نشانہ بنانے کا حصہ اور بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے، اسرائیل کے لاتعداد حملوں نے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مفلوج کردیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق یہ حملہ پام سنڈے کو پیش آیا جو عیسائیوں کے لئے ایک مقدس موقع ہے اور یہ اسرائیل کی مذہبی تقدس اور شہری زندگیوں کو صریح نظر انداز کرنے کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے جاری مظالم کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت معصوم اور نہتے فلسطینیوں کا اندھا دھند قتل اور شہری انفراسٹرکچر کو منظم طریقے سے تباہ کیا جا رہا ہے۔