اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی اعجاز شاہ کے بعد صدر عارف علوی کے ساتھ مبینہ گفتگو کی آڈیو سامنے آگئی ہے۔ منظر عام پر آنے والی آڈیو میں یاسمین راشد کہہ رہی ہیں کہ عمران فی الحال ہار مان لیں، حالات اتنے خراب ہوسکتے ہیں کہ الیکشن ملتوی ہوجائیں، آڈیو میں واضح سنا جاسکتا ہے کہ یاسمین راشد صدر سے کہہ رہی ہیں سر یہاں صورت حال بہت خراب ہے، ورکرز نے پیٹرول بم پھینکنا شروع کردیئے ہیں، دونوں طرف کچھ مر جائینگے کسی سے بات کر یں، باقی آپکی مرضی ،جس پر صدر علوی نے کہا کہ میں نے بات کر لی ہے، اس سے قبل یاسمین راشد کی اعجاز شاہ کے ساتھ گفتگو کی مبینہ آڈیو بھی منظر عام پر آئی جس میں وہ اعجاز شاہ کو کہہ رہی ہیں کہ خان صاحب نے سب کو کہا ہے بندے لیکر پہنچو ورنہ ٹکٹ نہیں دونگا، جبکہ پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ دو وزرائے اعظم کی آڈیوز ریکارڈ کی گئیں، اب صدر کی آڈیو بھی آ گئی، یہ ریاست کیلئے بڑا خطرہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کی اعجاز شاہ کے بعد صدر عارف علوی کے ساتھ مبینہ گفتگو کی آڈیو سامنے آگئی ہے۔آڈیو میں واضح سنا جاسکتا ہے کہ یاسمین راشد صدر سے کہہ رہی ہیں سر یہاں پر صورت حال پر بہت خراب ہے، ہمارے ورکرز نے پیٹرول بم پھینکنا شروع کردیے ہیں، اس سے پہلے کہ خون خرابہ ہو، میرا خیال ہے آپ کو کسی سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر عارف علوی جواب میں کہہ رہے ہیں کہ میں نے بات کر لی ہے۔یاسمین راشد:آپ ان سے کہہ دیں کہ میں بات کر لیتا ہوں عمران خان سے جس پر صدر عارف علوی کہتے ہیں میں سمجھا نہیں آپ کیا کہہ رہی ہیں۔ یاسمین راشد: دیکھیں کچھ مر جائینگے، صورتحال اتنی بری ہو جائے گی کہ الیکشن ملتوی ہو جائینگے، کچھ پولیس والے مر جائینگے۔ یاسمین راشد:میرا خیال ہے آپ خان صاحب کو کہیں کہ give in، باقی آپ کی مرضی۔یاسمین راشد:ابھی رینجرز وہاں پر ہے، پیٹرول بم چل رہے ہیں، ان کی واٹر کینن کو آگ لگ گئی ہے، میں تو باہر ہوں۔صدر علوی:میں اسد عمر سے بات کرتا ہوں۔یاسمین راشد:آپ شاہ صاحب (شاہ محمود قریشی) سے بھی بات کر لیں وہ خان صاحب کے ساتھ ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ڈاکٹر یاسمین راشد کی اعجاز شاہ کے ساتھ گفتگو کی مبینہ آڈیو بھی منظر عام پر آئی جس میں وہ اعجاز شاہ کو کہہ رہی ہیں کہ خان صاحب نے کہا ہے بندے لیکر پہنچو۔ مبینہ آڈیو میں دونوں رہنما عمران خان کی گرفتاری کو لیکر گفتگو کررہے ہیں۔یاسمین راشد نے اعجاز شاہ سے کہہ رہیں کہ خان صاحب نے اس وقت کہا ہے کہ سارے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو فون کرو۔اس پر اعجاز شاہ نے جواب دیا کہ ہم کر رہے ہیں، پھر یاسمین راشد نے عمران خان کی ہدایات سابق وزیر کو دیتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ بندے لیکرپہنچیں۔یاسمین راشد کے مطابق عمران خان کہہ رہے ہیں ان کوکہو فوری پہنچیں جو نہیں پہنچے گا اسے میں ٹکٹ نہیں دوں گا، خان صاحب نے یہ بات ڈائریکلی کہی ہے۔ دریں اثناء یاسمین راشد نے اعجازشاہ کے ساتھ ہونے والی گفتگو کی آڈیو لیک کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پارٹی کی صدر ہوں، کیا اپنے لوگوں کو نہیں بلاوں گی؟انہوں نے کہا کہ 23 گھنٹے ہوگئے ہیں ہمارے لوگ سڑکوں پر ہیں ان پر شیلنگ اور تشدد کیا جارہا ہے۔آڈیومیں کوئی متنازع بات نہیں۔علاوہ ازیں صدر عارف علوی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے معاملے پر پی ٹی آئی کی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔