• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کی شاہراہِ نورجہاں پولیس نے مقامی بلڈر کے قتل میں ملوث ملزم کو مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

شاہراہِ نور جہاں پولیس نے نارتھ ناظم آباد بلاک آر میں کارروائی کے دوران روی ولد گوپال ویرا نامی ملزم کو مقابلے زخمی حالت میں گرفتار کیا ہے۔

ملزم کا ساتھی بہادر علی عرف فیضل کالا ولد عبدالکریم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کے قبضے سے 1 ٹی ٹی پستول، 30 بور کا لوڈڈ میگزین، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کی تفتیش کے مطابق ملزم اور اس کے 2 ساتھیوں کا 3 رکنی گروہ گھروں میں ڈکیتیوں، اسٹریٹ کرائمز اور دورانِ ڈکیتی قتل میں ملوث ہے۔

ملزم نے تیموریہ کی حدود میں 4 فروری کو دورانِ ڈکیتی ایک بلڈر سمیر کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

بلڈر سمیر نے دورانِ ڈکیتی ملزم کے ایک ساتھی راشد ولد ایوب کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

فرار ملزم بہادر علی دورانِ ڈکیتی قتل کے دونوں مقدمات میں ساتھ تھا۔

ملزمان گھروں میں ڈکیتی کے ماہر ہیں جبکہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے دوران شہریوں کو گولی مارنے میں دیر نہیں کرتے۔

ملزم نے دورانِ تفتیش درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

گرفتار ملزم کو دورانِ ڈکیتی قتل کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا جبکہ ملزمان کے خلاف علیحدہ سے پولیس مقابلے اور ناجائز اسلحے کے مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں، ملزم کی مزید مقدمات میں گرفتاری بھی متوقع ہے۔

قومی خبریں سے مزید