اوسلو(ناصراکبر)تحریک انصاف ناروے کے زیر اہتمام اوسلو میں نارویجن پارلیمنٹ کے باہر عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف اور عمران خان سےاظہار ہکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا گیا۔ شدید سردی کے باوجود احتجاجی مظاہرے میں پی ٹی آئی کے سینئر عہدیداران ، نوجوان کارکنان سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ پی ٹی آئی ناروے کے ممکنہ صدر حاجی افضال نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ اگر عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے کیونکہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں، انہوں نے کہا کہ شدید سردی کے باوجود اپنے قائد عمران خان سے محبت کرنے والے کارکن مختصر نوٹس پر اوسلو پارلیمنٹ کے باہر اکٹھے ہوئے اور اپنے قائد کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف پرامن احتجاج ریکارڈکروایا ۔حاجی افضال نے کہا کہ ہم قافلے کے ہمراہ قائد عمران خان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے 18مارچ کو یورپی پارلیمنٹ کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کریں گے ، ناروے سے بھی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا جاچکا ہے جو تب تک جاری رہے گا جب تک فاشسٹ رجیم اپنے منطقی انجام کو پہنچ نہیں جاتی۔