• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران لاشوں پر سیاست کرنا چاہتے ہیں ہم لاشیں کیوں دیں، خواجہ آصف

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان لاشوں پر سیاست کرنا چاہتے ہیں ہم اسے لاشیں کیوں دیں، ماہر قانون عمران شفیق نے کہا کہ توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان پر فرد جرم عائد کرنا عدالت کی صوابدید پر ہوگا، نمائندہ دی نیوز مہتاب حیدر نے کہا کہ دوست ممالک نے اگست میں پاکستان کو اضافی فائنانسنگ کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن ابھی تک اس پر عمل نہیں کیا، وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مریم نواز نے پریس کانفرنس میں کوئی بات غلط نہیں کہی ہے، عمران خان کے پچھلے دس سال دیکھ لیں مریم نواز کی بات غلط نہیں ہے، نواز شریف پر سسیلین مافیا کا لیبل لگایا گیا کیا اس کی آج کوئی نئی تشریح کی جاسکتی ہے، کیا توہین عدالت کے وہ کیسز جن میں معافی مانگنے کے باوجودلوگوں کو نااہل کیا گیا کیا ان کی کوئی نئی تشریح کی جاسکتی ہے، عمران خان نے ایک ڈاکو کو ساتھ بٹھایا ہوا ہے، چوہدری پرویز الٰہی زمان پارک میں نظر نہیں آیا لیکن اسے پارٹی صدر بنادیا، عمران خان کا ہر چار دن بعد بیانیہ بدل جاتا ہے، سائفر سے لے کر مذاکرات کی پیشکش تک عمران خان نے کتنے بیانیے بدلے ہیں، عمران خان نے کچھ دن پہلے تک کیا زبان بولی اور آج بات کرنے کیلئے تیار ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے مل بیٹھنے کی بات کی وہ وزیراعظم کے مرتبہ کا تقاضا ہے، ن لیگ میں کوئی اختلاف نہیں ہے، نواز شریف نے پارٹی میں ڈکٹیشن نہیں رکھی ہے، پی ٹی آئی میں کوئی عمران خان سے اختلاف کی جرأت نہیں کرسکتا ہے، 2017-18ء میں ہمارے ساتھ کیا ہوا آج عمران خان کے ساتھ کیا ہورہا ہے، عمران خان کو گرفتار کرلیتے مگر اس کی قیمت دو چار جانوں کی صورت ادا کرنا پڑتی، عمران خان کا ماضی دیکھتے ہوئے بات چیت میں ہمیں بے حد محتاط رہنا پڑے گا، عمران خان سے مذاکرات کی صورت میں ہمیں سیاسی نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے، عمران خان نے ایکسیڈنٹ میں فوت ہونے والے ظل شاہ کی جعلی اسٹوری بنائی، عمران خان لاشوں پر سیاست کرنا چاہتے ہیں ہم اسے لاشیں کیوں دیں، میرے نزدیک عمران خان کی بالکل بھی ساکھ نہیں ہے، تحریک عدم اعتماد کی رات عمران خان،ڈپٹی اسپیکر اور صدر مملکت نے آئین توڑا، ہم نے سیکیورٹی اور کووڈ کی میٹنگوں میں ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹہ اس کا انتظار کیا یہ نہیں آتا تھا۔ ماہر قانون عمران شفیق نے کہا کہ توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان پر فرد جرم عائد کرنا عدالت کی صوابدید پر ہوگا، پی ٹی آئی وکلاء کا موقف ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے جس شخص نے درخواست دائر کی ہے اسے اختیار حاصل نہیں تھا، توشہ خانہ کیس دستاویزی شہادت کا ہے الیکشن کمیشن نے بھی صرف دو گواہ پیش کیے ہیں، الیکشن کمیشن پہلے ہی توشہ خانہ معاملہ پر لمبی کارروائی کرچکا ہے جس کا فیصلہ موجود ہے، توشہ خانہ کیس میں دو تین گواہوں اور ملزم کے بیان او ر شہادت پیش کرنے میں دو تین ماہ سے زیادہ نہیں لگیں گے، عمران خان کے وکلاء پہلے ہی توشہ خانہ کیس میں کافی تاخیر کرچکے ہیں اب مزید چانس نہیں ملے گا۔
اہم خبریں سے مزید