پی ایس ایل8 کے خاص خاص ریکارڈز کے مطابق30 لیگ میچز، کوالیفائر، دو الیمینیٹڑز اور فائنل میں مجموعی طور پر 1390.3 اوورز میں 451 وکٹوں پر 12031 رنز بنے جس میں سے لیگ میچوں میں 1237.1 اوورز میں 397 وکٹوں کے عوض 10715 رنز بنائے گئے تھے۔
رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی جیت لاہورقلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 119 رنزسے شکست دیکر حاصل کی جبکہ وکٹوں کے اعتبار سب سے بڑی جیت ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف39 گیندوں قبل 9وکٹ سے حاصل کی۔ اسی طرح گیندوں کے اعتبار سے ملتان سلطانز نے ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 39 گیندوں قبل9وکٹ سے شکست دیکر کامیابی حاصل کی۔
ٹورنامنٹ میں 520اضافی رنز دئیے گئے۔ ملتان سلطانز کے محمد رضوان نے 12 میچوں میں سب سے زیادہ 550 رنز بنائے جس میں ان کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور110رنز ناٹ آؤٹ رہا، ان کی بیٹنگ میں ایک سنچری اور 4نصف سنچریاں شامل تھیں۔ 13میچوں میں سب سے کم 83 رنز بنانے والے لاہور قلندرز کے ڈیوڈ ویسا ہیں۔ 53 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے سنچری یا اس سے زائد رنز کی پارٹرشپ19مرتبہ بنائی گئی، لیگ میں بلند و بالا 498چھکوں میں سب سے زیادہ فخرزمان نے 27 چھکے لگائے جبکہ رائلی روسو اور کیڈمور نے 21، 21 مرتبہ چھکے لگائے ہیں۔
لیگ میں لگائے جانے والے 1094چوکوں میں سب سے زیادہ بابراعظم نے 64، محمد رضوان نے 54 اور رائلی روسو نے 48 چوکے لگائے ہیں۔ سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ملتان سلطانز کے عباس آفریدی ہیں جنہوں نے 11میچوں میں 372 رنز کے عوض 23وکٹیں حاصل کی ہیں، بہترین کارکردگی کی بنیاد پرپلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ فخر زمان نےتین مرتبہ حاصل کیا۔وکٹ کے پیچھے 57 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے12 میچوں میں 13 کیچ اور ایک اسٹمپڈ آؤٹ سمیت 14 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے، حسیب اللہ خان اور بلنگز نے ایک اننگز میں سب سے زیادہ4، 4 کھلاڑیوں کو کیچ آؤٹ کیا ہے۔ گراؤنڈ کے چاروں جانب فیلڈنگ کے دوران سب سے زیادہ 11 کیچ ملتان سلطانز کے کیرون پولارڈ نے پکڑے۔ کراچی کنگز کے عرفان خان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان نے 7، 7 کیچ لئے۔