سوئٹزر لینڈ سے تعلق رکھنے والے جیانی انفانتینو 2027 تک فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے۔ 23مارچ 1970 کوبرگ والیس میں پیدا ہونے والے اورقانون کی تعلیم حاصل کے قانون دان کی حیثیت رکھنے والے جیانی انفانتینو نے 26 فروری 2016 میں پہلی بار کرپشن اسکینڈل کے شکار سیپ بلاٹر کی جگہ عالمی فٹبال کےنواں سربراہ بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ جیانی انفانتینو نے سوئٹزر لینڈکے فٹ بال ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
سابق صدر سیپ بلاٹر اور یو ای ایف اے کے سابق صدر مائیکل پلاٹینی دونوں کوبعدازاں سوئس عدالت نے بدعنوانی کے الزامات سے بری کر دیا۔ جیانی انفانتینو2019ء میں بھی بلامقابلہ فیفا کے صدر منتخب ہوئےتھے۔ فیفا صدر کے پاس تین بار منتخب ہونے کا اختیار ہے۔ جیانی چار سال بعد بھی الیکشن لڑنے اور 2031ءتک فٹ بال کی عالمی تنظیم کے ساتھ کام کرنے کا ارادہ ظاہر کرچکے ہیں۔ رواں ماہ کیگالی میں فیفاکی 73ویں کانگریس اجلاس میں 211 رکنی فیڈریشنوں کے مندوبین کے ذریعے جیانی انفانتینو اور دیگر عہدیداروں کو تیسری مدت کے لیے نامزد کیا گیا۔
جیانی نے گزشتہ سال کے ورلڈ کپ قطر کی میزبانی کا پرزور دفاع کیااور اس کے شاندار انعقاد نے ان کامیابی میں بنیادی کردار ادا کیا۔ ورلڈ کپ کے شاندار اورکامیاب انعقاد سے فیفا کی آمدنی میں بھی ناصرف زبردست اضافہ ہوا بلکہ فاتح ٹیموں کو بھی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم حاصل کرنےکا اعزاز حاصل ہوا۔ فیفا کانگریس کے دوران نارویجن فٹ بال فیڈریشن کی صدر لیز کلیونیس نے کہا تھا کہ وہ انفانتینو کی حمایت نہیں کریں گی اور انہوں نے قطر ورلڈ کپ اور مستقبل کے ٹورنامنٹس کے سلسلے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تدارک کے لیے فیفا کی ذمہ داریوں پر کانگریس میں بحث کرنے کی تجویز پیش کی۔
اپنی بلامقابلہ کامیابی کے بعد انفانتینو کا کہنا تھاکہ 2026 کا ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا یادگار ترین ایونٹ ثابت ہوگا یہ 48 ٹیموں کا پہلا اور تاریخی ایڈیشن ہوگا، شمالی امریکا میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں 104 میچ ہوں گے جو کہ گزشتہ ورلڈ کپ میں 64 میچز سے بہت زیادہ ہیں۔ اس کی ایک خاص بات یہ بھی ہےکہ یہ ایونٹ چار ٹیموں کے 12 گروپوں کے ساتھ شروع ہوگا۔ اس سے قبل تمام ہونے والے ورلڈ کپ کے آٹھ گروپوں میں 32 ٹیموں کو تقسیم کیا جاتا تھا۔
اسی طرح رواں سال کے آخر میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے خواتین ورلڈ کپ فٹ بال میں پہلی بار 32 ٹیمیں ہوں گی جو کہ 2019 میں فرانس میں ہونے والے آخری ایڈیشن میں 24 ٹیموں سے زیادہ ہیں ،جیانی نے 2026 تک کے چار سالوں میں 11 بلین ڈالرز کی متوقع آمدنی کا بھی اعلان کیا ہے جو کہ 2022 میں ختم ہونے والے پچھلے چار سالہ دور میں 7.5 بلین ڈالرز تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس اعداد و شمار میں کلب ورلڈ کپ سے حاصل ہونے والی آمدنی شامل نہیں ہے ہوسکتا ہے کہ حتمی رقم اس سے بھی زیادہ ہو، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کا وفد چیئرمین ہارون احمد ملک کی سربراہی میں روانڈا کانگریس میں شریک ہوا۔
این سی کے دیگر ارکان محمد شاہد نیاز کھوکھر اور سعود ہاشمی شامل تھے۔ وفد نے فیفا کے نومنتخب صدر جیانی انفانتینو سے ملاقات کی اور انہیں عالمی فٹ بال باڈی کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پی ایف ایف این سی کے وفد نے فیفا اور اے ایف سی حکام سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں پی ایف ایف کے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کےلئے ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جس کو دونوں نے سراہا اور پاکستان میں فٹ بال کی بہتری اوراس کی بہتر تنظیم نو کے کام کوجاری رکھنے کا ہدایت کی۔