• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان المبارک میں فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیمیں متحرک رہیں گی

کوئٹہ(خ ن)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی نےکہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری و ملاوٹ سے پاک اشیاء خوردونوش کی فراہمی کیلئے بی ایف اے کی معائنہ ٹیمیں مسلسل متحرک رہیں گی ۔ اس مقصد کیلئے اتھارٹی نے خصوصی منصوبہ بندی کی ہے ، ماہ مبارک میں انسپکشن کے نظام کو مزید سخت کرتے ہوئے خصوصی آپریشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ سحروافطار پوائنٹس پر تیار ہونیوالی خوراک کی مسلسل نگرانی کے لئے سرپرائز چیکنگ کی جاسکے ۔ان خیالات کا انہوں نے بی ایف اے ہیڈ کوارٹر کوئٹہ میں رمضان المبارک کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں فوڈ سیفٹی ٹیمیں سحر و افطار متحرک رہیں گی اور اس سلسلے میں اوپن مارکیٹ میں خوراک کے معیار کی چیکنگ اور مختلف اشیاء خصوصاً کوکنگ آئل ، دودھ ، بوٹلڈ واٹر اور کولڈرنکس کی کوالٹی پر کڑی نظر رکھی جائے گی ، انہوں نے اجلاس میں براہ راست و بذریعہ ویڈیو لنک شریک ڈائریکٹرز ہیڈ کوارٹر و ڈویژنل ڈائریکٹرز کو رمضان المبارک کیلئے ترتیب دی گئی حکمت عملی پر عمل پیرا رہنے اور جعل سازی یا ملاوٹی اشیاء فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے عوام سے گزارش کی کہ اپنی اچھی صحت کے لئے غذائیت سے بھرپورصحت بخش خوراک کا انتخاب کریں ، رمضان المبارک میں غذائی بے احتیاطی سے بچیں اور صحت مند رہیں۔ڈی جی بی ایف اے کے مطابق بلوچستان فوڈ اتھارٹی اپنے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ہمیشہ کی طرح ماہ صیام کے دوران عوام تک خالص خوراک کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔
کوئٹہ سے مزید