• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا، پنجاب، بلوچستان میں زلزلہ، 9 افراد جاں بحق، 150 زخمی

کراچی (ٹی وی رپورٹ )پنجاب ، خیبر پختونخوا ، اور بلوچستان کےدارالحکومتوں سمیت مختلف شہروں ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گلگت بلتستان اور شمالی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، کئی شہروں میں عمارتوں میں دراڑیں پڑگئیں

خیبر پختونخوا ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے صوبہ کے پی میں 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ مختلف حادثات میں 44 افراد زخمی ہوئے

 پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 5 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں، اب تک اطلاعات کے مطابق صوبے بھر میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ جبکہ ملک بھر میں 150سے زائدافراد زخمی ہوئے ، زلزلہ کی شدت 6.8جبکہ گہرائی 180کلو میٹر بتائی گئی ہے

زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا خطہ تھا، خیبرپختونخوا اور وفاقی دارالحکومت کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی

زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، بھارت، مقبوضہ کشمیر ، قازقستان، تاجکستان ، ازبکستان، چین، افغانستان کرغزستان میں بھی محسوس کئے گئے جہاں شدت 7.7محسوس کی گئی

خوفزدہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھرو ں سے باہر آ گئے، لوئر دیر میں دو افراد چھت گرنے اور بھگدڑسے جاں بحق ہوئے جبکہ سوات کے علاقے مدین میں 13سالہ لڑکی گھر کی دیوار گرنے سے جاں بحق ہوئی اور سوات ہی کے علاقے شموزئی میں گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا،ان علاقوں میں کئی مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے

 آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری، شہریوں میں خوف وہراس کی فضا برقرار ، کوہستان میں زلزے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں شاہراہ قراقرم بند ہوگئی ہے جبکہ کالام کےقریب کرکنڈی پل پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بحرین روڈ بلاک ہوگیا ہے۔

اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں کثیر المنزلہ رہائشی عمارت زلزلے کے جھٹکوں سے متاثر ہوئی ہے اور اس کی دیواروں پر دراڑیں پڑ گئیں۔ رہائشی فلیٹس سے باہر نکل آئے۔ ضلعی انتظامیہ بلڈنگ کا معائنہ کرے گی۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر اسلام آباد کے اسپتالوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔زلزلے کے شدید جھٹکوں کے پیش نظر پولی کلینک اور پمز اسپتال میں بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں زلزلے کے پیش نظر لوگوں کی خیریت اور سلامتی کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ اللہ سب کو حفظ و امان اور ملک کو ہرآفت سے محفوظ رکھے۔ وزیراعظم نے این ڈی ایم اے اورمتعلقہ اداروں کوالرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

اہم خبریں سے مزید