• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بدامنی اور مصنوعی مہنگائی کیخلاف این ڈی ایم چمن کا مظاہرہ

کوئٹہ(پ ر)نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے زیر اہتمام چمن میں بدامنی، ڈاکو راج، قتل و غارت گری، ٹارگٹ کلنگ، مصنوعی مہنگائی، بے روزگاری، آٹے کی مصنوعی قلت اور اداروں کی جانب سے سول اداروں میں بے جا مداخلت کے خلاف این ڈی ایم کی صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر جاوید اچکزئی کی زیر صدارت احتجاجی مظاہرہ ہوا ،جو چمن شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے سناتن چوک پر جلسے میں تبدیل ہوگیا جس سے این ڈی ایم کے صوبائی آرگنائزر جاوید خان اچکزئی، نیشنل سٹوڈنٹس موومنٹ کی صوبائی کمیٹی ممبر جاوید افغان، ضلعی رہنما محمد یوسف خان، بسم اللہ خان، حاجی محمد نسیم ودیگر نے خطاب کیا۔ جاوید خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چمن شہر میں امن و امان کی خراب صورتحال کے ذمہ دار نااہل ضلعی انتظامیہ اور نااہل صوبائی حکومت ہے ۔انتظامیہ نے تاریخی پر امن شہر کو ڈاکوؤں، چوروں اور منشیات فروشوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے، حیران کن بات تو یہ ہے کہ نااہل سول انتظامیہ کے پاس کوئی اختیار نہیں بچا اور سارے شہر کے اختیارات ریاست اور ریاستی اداروں کے پاس گروی رکھ دیئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آتے ہی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ ہوتا جا رہا ہے لیکن پرائس کنٹرول کمیٹی غائب ہے کوئی پوچھنے والا نہیں ہم مرکزی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ امن و امان منشیات فروشی اور مصنوعی مہنگائی قتل وغارت گری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ضلعی انتظامیہ کو پابند بنایا جائے کہ وہ عملی اقدامات اٹھا کر چمن شہر کو اس ناسور اور تاریکی سے بچا ئے۔