• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان کی آمد پر عامر لیاقت حسین کے بچوں کا ان کے نام جذباتی پیغام

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پاکستانی میڈیا انڈسٹری میں رمضان ٹرانسمیشن کی بنیاد رکھنے والے معروف میزبان مرحوم عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ ڈاکٹر سیدہ بشریٰ اقبال نے رمضان کی آمد پر ان کے بچوں کا والد کے نام پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔

سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز انسٹا گرام اور ٹوئٹر پر ڈاکٹر سیدہ بشریٰ اقبال نے اپنے سابقہ شوہر مرحوم عامر لیاقت حسین کی وفات کے بعد پہلے رمضان کی آمد پر اپنے بچوں احمد عامر اور دعائے عامر کا والد کو یاد کرتے ہوئے جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔

مرحوم عامر لیاقت حسین کے بڑے صاحبزادے احمد عامر نے اپنے والد کے نام پیغام میں جذباتی نظم لکھی کہ ’زندگی گلزار تھی آپ کی شخصیت سے، میٹھی تھی آپ کی پُر مشفق گفتگو سے، بچپن سے جوانی تک کا سفر ہوا آپ کی انگلی پکڑ کے، آگے کی منزلوں میں ہاتھ خالی خالی لگیں گے، تنہائی میں گزارش ہوتی ہے آپ کے سائے کی، ہر گزرتے ہوئے لمحے، ہر جاگتے ہوئے پل، شدت سے محسوس ہوتی ہے کمی آپ کی، دعائیں تو کرتے رہیں گے آپ کے لیے تاحیات، مگر نہ بھلا پائیں گے بیتے لمحات، رمضان مبارک بابا‘۔

عامر لیاقت کی صاحبزادی دعائے عامر نے بھی اپنے مرحوم والد کی یاد میں طویل نوٹ لکھا جس کے مطابق اس سال رمضان المبارک ان کے خاندان اور ان کے لیے بہت مشکل ہے۔

انہوں نے رمضان ٹرانسمیشن کے ناظرین سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ سب نے مجھے میرے مرحوم والد عامر لیاقت حسین کے ساتھ ٹیلی ویژن پر بڑا ہوتے دیکھا ہے، اس لیے یہ انتہائی تکلیف دہ ہے کہ یہ والد کے بغیر ہمارا پہلا رمضان ہو گا، والد کو کھونے کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، خاص کر وہ جو ہر ایک کی زندگی میں ایک ایسی نمایاں شخصیت تھے جنہیں بھلایا بھی نہیں جا سکتا۔

دعائے عامر نے رمضان ٹرانسمیشن کے کلچر کے حوالے سے لکھا ہے کہ میرے والد نے اسے متعارف کروایا اور کہا کہ اگر وہ آج زندہ ہوتے تو وہ آج بھی بس یہی چاہتے کہ اپنے پروگرام کے ذریعے اپنے ناظرین کے درمیان اس ماہِ مبارک میں اسلام کی تعلیمات کو عام کریں۔

انہوں نے اپنے والد کے لیے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم عامر لیاقت کے مثبت پیغام اور ان کی خدمات کو یاد رکھیں، بے شک بابا اس رمضان اور آنے والے تمام رمضانوں میں ہمارے ساتھ نہیں ہوں گے لیکن وہ ہمارے دلوں اور دعا میں رہیں گے۔

یاد رہے کہ رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین گزشتہ برس 9 جون کو انتقال کر گئے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید